ملک اسحاق کو اسلحہ لائسنس جاری کرنیوالے افسروں کیخلاف مقدمہ کا حکم‘ پنجاب لشکر جھنگوی کیخلاف کارروائی کرے : رحمن ملک
اسلام آباد (بی بی سی+ اے پی سی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان سرکاری افسران کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے جنہوں نے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے رہنما ملک اسحاق کو اسلحہ لائسنس جاری کئے تھے۔ ملک اسحاق کو سندھ اور بلوچستان حکومت نے اسلحہ لائسنس جاری کئے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ان صوبوں کے ہوم سیکرٹری کو اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرنے کے بارے میں کہا ہے۔ وزارت داخلہ کے حکام چاروں صوبوں کے ہوم سیکرٹریز سے ان افراد کے نام دینے کو کہا ہے کہ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور انہیں صوبائی حکومتوں نے اسلحہ کے لائسنس جاری کئے گئے تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے وزارت داخلہ کو ملک اسحاق کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی بھی درخواست نہیں کی۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ملک کے دیگر علاقوں میں شدت پسندی کے واقعات میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی ملوث ہے۔ ملک اسحاق کے خلاف 32مقدمات درج ہیں۔ ملک اسحاق کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ملک اسحاق پنجاب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پنجاب پولیس تحفظ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم لشکر جھنگوی نے شہباز شریف کو بھکر سے جتوایا۔ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کی جائے گی کسی کو بغیر پاسپورٹ کے آنے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ وزیر داخلہ نے بھارت اور افغانستان سے کہا کہ وہ نامزد امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کے اس بیان پر اپنی پوزیشن کلیئر کریں جس نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں گڑبڑ پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے افغان صدر حامد کرزئی سے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے بھارت کو افغانستان کی سرزمین پر پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا 8مارچ سے افغان سرحد پر تمام چیک پوسٹیں بند کر دے گا۔ صرف مو¿ثر ویزا رکھنے والوں کو ہی سرحد پار کرنے کی اجازت دی جائے گی۔آئی این پی کے مطابق رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھارت بدستور افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے۔ وزارت خارجہ کو یہ مسئلہ اقوام متحدہ کیساتھ اٹھانے کیلئے کہہ دیا ہے، افغانستان نے سرحد پر مشترکہ پوسٹیں قائم کرنے کے لئے تعاون نہیں کیا، 8 مارچ سے پاک افغان سرحد پر نقل و حمل روک دی جائے گی۔ طالبان مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔ طالبان اب چند ہفتوں اور مہینوں کی مار ہیں۔
رحمن ملک