میٹروبس چلی۔۔۔۔منزل ہے ملی پورا ہال گیت پر جھوم اٹھا
لاہور (خصوی رپورٹر) وزیراعلی محمد شہباز شریف یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی آڈیٹوریم پہنچے تو ہزاروں طلبا وطالبات نے تالیاں بجاکر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ پوری تقریب کے دوران طلبا وطالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا اور انہوںنے وزیراعلیٰ کو ان کی تقریر کے دوران بھرپور داد دی۔ ہال" دیکھو دیکھو کون آیا۔۔۔شیر آیا شیر آیا"، "شہبازشریف ۔۔زندہ باد" کے نعروں سے مسلسل گونجتا رہا۔ وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران بھی طلبا و طالبات مسلسل نعرے لگاتے رہے جس پر وزیراعلیٰ نے طلبا وطالبات کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مہربانی کرکے خاموشی اختیار کریں جس پر ہال میں خاموشی چھاگئی۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے دوران پرویز الہٰی کی سابق حکومت کے اقدامات پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یہ وہ عناصر ہیں جنہیں عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی و خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں اور انہیں عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات سے تکلیف ہوتی ہے۔ تقریب کے دوران" میٹرو بس چلی۔۔منزل ہے ملی اور چھٹ جائیں گے اندھیرے۔۔ ۔ ہوں گے روشن سویرے۔۔۔لائیں گے ہم اجالا"پیش کئے گئے گیتوں پر پورا ہال جھوم اٹھا۔