حکمرانوں کو دہشت گردی میں ملوث بھارت کا نام لیتے خوف آتا ہے: منور حسن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ بزدلوں کے پاس ایٹم بم سمیت اچھے سے اچھا ہتھیار بھی کسی کام کا نہیں ہوتا، امریکہ پوری دنیا میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے لیکن عالم اسلام کے بزدل حکمران امت کے بہتے لہوکو روکنے کی بجائے امریکی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں اگر ایٹم بم کی موجودگی کے باوجود ہمیں امریکی بربریت اور غنڈہ گردی سے تحفظ نہیں ملا تو اس میں ایٹم بم کا قصور نہیں بلکہ امریکی مفادات کے محافظ وہ حکمران ہیں جنہوں نے قوم کی سال ہا سال کی محنتوں پر پانی پھیر دیا ہے اور جدید ترین اسلحہ رکھنے کے باوجود ہمیں اسلام دشمن قوتوں کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا گیا ہے، حکمرانوں کو دہشت گردی میں ملوث بھارت کا نام لیتے ہوئے خوف آتا ہے۔ جب تک جماعت اسلامی کی دیانتدار اور قومی امنگوں کی ترجمان حکومت نہیں آتی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات نہیں مل سکتی۔ کارکن انتخابات کے التوا کے خدشات کو ایک طرف رکھ کر انتخابات کی بھرپور تیاری کریں اور آئندہ الیکشن میں کرپٹ لوگوں کا راستہ روک دیں، عوام بار بار اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مارنے کے رویے کو چھوڑ کر ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور اور ناظم شعبہ تربیت حافظ محمد ادریس بھی موجود تھے۔ منور حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پانچ سال تک امریکی تابعداری میں گزارے اور دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کے خلاف امریکی جنگ میں شامل ہو کر نہ صرف اپنے شہریوں کا قتل عام کیا بلکہ ملک کو دہشت گردی، غربت مہنگائی بے روزگاری اور توانائی کے بدترین بحرانوں سے دوچار کر دیا۔ طالبان سے مذاکرات کیلئے امریکی اجازت کا انتظار کر رہے ہیں جو خود تو طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے فاٹا اور بلوچستان میں تخریب کار بھیج رہا اور روپیہ خرچ کر رہا ہے۔ چک ہیگل نے اس سازش سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ بے حمیت حکمرانوں نے بھارت سے احتجاج کرنے کے بجائے اس کے ساتھ پیار کی پینگیں بڑھانا شروع کر دی ہیں اور اسے موسٹ فیورٹ نیشن قراردینے کے لئے بے چین ہیں۔ سندھ میں اکثریت ہونے کے باوجود ایم کیو ایم کو حکومت میں شامل کر کے اسے بھتہ خوری، بوری بند نعشوں، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کا لائسنس دیا جس سے ہر ماہ سینکڑوں معصوم لوگوں کو بھتہ نہ دینے کی بنا پر قتل کر دیا جاتا ہے، لوگ خوف و ہراس میں زندگی گزار رہے ہیں کسی کی جان مال اور عزت محفوظ نہیں اور لوگوں کو لسانی بنیادوں پر کراچی سے نقل مکانی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔