حکومت کا جاتے جاتے خوفناک مہنگائی بم حملہ‘ پٹرول3.53 ‘ ڈیزل 4.35 ‘ مٹی کا تیل 3.79 روپے لٹر مہنگا
اسلام آباد (خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزارت پٹرولیم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کے بعد اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی فی لٹر قیمت 3 روپے 53 پیسے اضافہ کے ساتھ 106 روپے 60 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 79 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 103روپے 69 پیسے ہو گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 35 پیسے اضافے سے 113 روپے 56 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 3روپے 93 پیسے فی لٹر اضافے سے 98 روپے 26 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج یکم مارچ سے ہو گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے جاتے جاتے بھی عوام پر خوفناک مہنگائی بم گرا دیا۔ آن لائن کے مطابق یہ عوامی حکومت کا عوام کے لئے الوداعی تحفہ ہے۔ یکم مارچ سے ہائی اوکٹین کی قیمت میں 4.50 روپے لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نیشن رپورٹ کے مطابق پارکو مارجن میں اضافہ کو بھی صارفین کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکومتی فیصلہ کے مطابق پٹرول کے صارفین 0.30 روپے فی لٹر اضافی بوجھ برداشت کریں گے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں ٹرانسپورٹ کی مد میں اضافی 0.15 روپے لٹر اخراجات شامل ہیں اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی مد میں 0.38 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی مد میں 0.47 روپے فی لٹر جبکہ ایچ او بی سی کی مد میں 0.71 روپے فی لٹر اضافی اخرجات شامل کئے گئے ہیں۔