ڈگریوں کی تصدیق ایچ ای سی کرائے گا: الیکشن کمشن اور پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی کی تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی اور الیکشن کمشن آف پاکستان ارکان پارلیمنٹ اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اسناد کے نئے طریقہ کار پر متفق ہو گئے ہیں جس کی بدولت یہ قضیہ اب ختم ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے سپیکر قومی اسمبلی اور ایوان کو مطلع کیا کہ نئے طریقہ کار کے تحت اب الیکشن کمشن کسی رکن پارلیمنٹ کو سند کی تصدیق کے سلسلے میں براہ راست خط نہیں لکھے گا۔ سند کی تصدیق کے لئے ہائرایجوکیشن کمشن کو سوال بھجوایا جائے گا۔ ہائر ایجوکیشن کمشن کے جواب سے اگر معلوم ہوا کہ الیکشن کمشن کو تعلیمی اسناد کے سلسلے میں فراہم کردہ معلومات غلط ہیں تو پھر قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جمعرات کے روز ساتھی ارکان پارلیمنٹ زاہد حامد، رضا حیات ہراج، اقبال قادری اور بشریٰ گوہر کے ہمراہ الیکشن کمشنر سے ملے۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمشن بھی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔ بہت اچھے ماحول میں تمام امور زیر غور آئے۔ پارلیمانی کمیٹی اور الیکشن کمشن کے حکام کے درمیان اس ملاقات کے نتیجے میں طے پایا کہ ڈگری کی تصدیق کے لئے الیکشن کمشن کسی رکن کو براہ راست خط نہیں لکھے بلکہ اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمشن کوسوالات بھجوائے جائیں گے جن کا جواب منفی آنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ یہ بہت اچھا فیصلہ ہوا ہے۔ کمیٹی نے الیکشن کمشن پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تمام ارکان پارلیمانی کمیٹی نے واضح کیا کہ وہ شفاف اور بروقت انتخابات کیلئے پرامید ہیں۔ اس ملک میں بڑی مشکلوں سے جمہوریت آئی ہے جسے اب پٹری سے نہیں اترنے دینا چاہئے۔ پارلیمانی کمیٹی جس مقصد کے لئے تشکیل دی گئی تھی وہ حاصل کرلیا گیا ہے۔ طریقہ کار کے مطابق ایچ ای سی الیکشن کمشن کی طرف سے بھجوائی جانیوالی ڈگری کو متعلقہ یونیورسٹی بھجوائے گا جو ڈگری کی تصدیق کرکے ایچ ای سی کو جواب بھجوائے گی اور ایچ ای سی الیکشن کمشن کو صورتحال سے آگاہ کرے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ الیکشن کمشن پر مکمل اعتماد ہے، کسی کو انتخابات ملتوی نہیں کرنے دیں گے، ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے لئے حکومت الیکشن کمشن کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی، ڈگریوں کی چھان بین کرکے الیکشن کمشن کو آگاہ کرنا ایچ ای سی کا کام ہے۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو ڈگریوں کی تصدیق کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں جن کے بارے میں الیکشن کمشن کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ 8 رکنی پارلیمانی کمیٹی اور چیئرمین ہائرایجوکیشن کمشن جاوید لغاری نے بھی شرکت کی۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ الیکشن کمشن ڈگریوں کی تصدیق کے لئے مناسب طریقہ کار اختیار کرے موجودہ طریقے پر ارکان پارلیمنٹ کے تحفظات ہیں امید ہے کہ یہ تحفظات دور کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب چاہتے ہیں کہ جعلی ڈگری والوں کے خلاف کارروائی ہو اور انہیں نااہل کیا جائے۔ وزیر قانون نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم پر مشاورت کے لئے راجہ پرویز اشرف اور چودھری نثار میں ملاقات ضروری نہیں۔