• news

شجاعت ق لیگ کے بلامقابلہ صدر، مشاہد حسین جنرل سیکرٹری بن گئے: اجلاس کے بعد اعلان

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چودھری شجاعت حسین ق لیگ کے بلامقابلہ صدر جبکہ مشاہد حسین سید بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں۔ اس بات کا اعلان ق لیگ کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں پارٹی عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ق لیگ کے نومنتخب صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ق لیگ سے لوگ بھاگ کر نہیں جا رہے، آئندہ الیکشن میں مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا، عدلیہ اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ آخری مراحل میں ہے جبکہ انتخابی الائنس کی بات دیگر مذہبی اور سیاسی پارٹیوں سے چل رہی ہے۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین کامل علی آغا نے آئندہ مدت کیلئے نئے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ چودھری شجاعت حسین کو ق لیگ کا صدر اور مشاہد حسین سید کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے اور ان کے مقابلے میں کسی نے اپنے کاغذات جمع نہیں کروائے جبکہ پنجاب سے ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی صدر، چودھری ظہیر الدین جنرل سیکرٹری، خیبر پی کے سے قاسم شاہ صدر، انتخاب خان جنرل سیکرٹری، سندھ سے حلیم عادل شیخ صدر، بابو غلام سرور سیال جنرل سیکرٹری، بلوچستان سے جعفر خان مندوخیل صدر، میر عاصم کرد جنرل سیکرٹری، فاٹا سے حاجی نعیم اللہ صدر، فرمان اللہ شاہ جنرل سیکرٹری، گلگت بلتستان سے مرزا حسین صدر اور بشیر احمد جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ شجاعت حسین نے کہا کہ ظلم کیخلاف ہر مقام پر ہماری پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، مشرف کے دور میں بھی ہم نے ظلم کیخلاف آواز بلند کی تھی جبکہ بلوچستان کا مسئلہ بھی سلجھا دیا تھا لیکن بعض واقعات نے حالات کنٹرول سے باہر کر دئیے تھے۔ ق لیگ برسر اقتدار آ کر قوم کو مایوس نہیں کرے گی جبکہ ہماری پارٹی سے لوگ بھاگ کر نہیں جا رہے۔ علاوہ ازیں ق لیگ کی مرکزی جنرل کونسل نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی جنرل کونسل نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک پائیدار حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلح افواج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ق لیگ کی جنرل کونسل نے جمعرات کو نئے منتخب صدر چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت اجلاس میں قومی اور بین الاقوامی مسائل پر 7 قراردادوں کی متفقہ منظوری دی۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قرارداد میں جنرل کونسل نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد، حق خودارادیت پر مسلم لیگ کے دیرینہ م¶قف کا ایک بار پھر اعادہ کیا، کشمیری عوام اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا جو بھارت کے مظالم کے باوجود بڑی جرات مندا¿نہ مزاحمت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں پاکستانی سرزمین پر امریکہ کی طرف سے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ اس سے پاکستان کی آزادی اور سلامتی آنچ آتی ہے۔ ایک قرارداد میں (ق) لیگ کی جنرل کونسل نے موجودہ خارجہ پالیسی کی مکمل تائید کی اور ان اقدامات کی تعریف کی جن میں پاکستان نے بیرونی دباﺅ مسترد کرتے ہوئے اپنے قومی مفادات کا پرزور دفاع کیا۔

ای پیپر-دی نیشن