• news

قومی کرکٹ ٹیم گروپ بندی کا شکار‘ ڈریسنگ روم کا ماحول خراب‘ منیجر نے چیئرمین پی سی بی کو رپورٹ کر دی


لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ ڈیوواٹمور اور بعض سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ پاک جنوبی افریقہ محدود اوورز کی سیریز میں کامیابی سے مشروط کردیا۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی سے ناخوش ہیں اور سینئرز کے علاوہ کوچ ڈیو واٹمور پر شدید برہم ہیں حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بورڈ کے بعض حکام ذکاءاشرف کو مشورہ دے رہے ہیں کہ کوچ ڈیوواٹمور کو فارغ کیا جائے جبکہ ٹیم میں لابنگ کرنے والا بورڈ حکام کا گروپ ٹیم کی ناکامی کی آڑ میں بعض سینئر کھلاڑیوں کو فارغ کروانے کیلئے تگ و دو کررہا ہے۔ ذکاءاشرف کو ٹیم کے ڈریسنگ روم کے ماحول کے بارے میں بھی ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے رپورٹ دی ہے کہ کھلاڑی واضح طور پر گروپ بندی کا شکار ہیں اور محمد حفیظ کو ٹی ٹوئنٹی کپتان بنائے جانے کے بعد سے ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں۔سینئر کھلاڑی کوچ کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے اور ٹیم کے بجائے ذاتی کھیل میں گرما گرمی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ مصباح الحق اور ٹیسٹ میں بھی ناصر جمشیدکو کھلانے کے خواہش مند تھے تاکہ نوجوان بلے باز کو اعتماد دیا جاسکے تاہم مصباح الحق نے بضد ہوکر عمران فرحت کو سکواڈ کا حصہ بنوادیا۔ ٹیم سلیکشن پر ڈیوواٹمور سلیکشن کمیٹی سے بھی ناراض ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن