الیکشن کمشن نے سندھ حکومت کی اشتہاری مہم کا نوٹس لے لیا
کراچی (این این آئی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے سندھ حکومت کی طرف سے نامور شخصیات کے نام سے چلائی جانے والی اشتہاری مہم کا نوٹس لے لیا ہے اور اس عمل کو خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ راجہ عباس سے فوری طور پر وضاحت طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمشن سید شیرافگن کی طرف سے چیف سیکرٹری سندھ کو لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کی طرف سے جاری کئے جانے والے اشتہارات میں سبز، سیاہ اور سرخ رنگ کو اجاگر کیا گیا ہے جو حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے جھنڈے کا رنگ ہے، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس قسم کی اشتہاری مہم کو فوری طور پر روکا جائے اور آئندہ ایسے کسی بالواسطہ یا بلاواسطہ اشتہار جس سے کسی سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچے سے اجتناب برتا جائے۔