نماز پنجگانہ فائدے ہی فائدے
مکرمی! جسم کی غذا زمین سے نکلنے والی خوراک ہے تو روح کی غذا نماز ہے۔ عورت اگر شرعی حکم کے مطابق نماز ادا کرے تو بے شمار نسوانی امراض سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ نماز میں قیام کرنا ٹخنوں، پنڈلیوں اور پنجوں کے جوڑوں کو قوی کرتا ہے۔ رکوع و سجود میں ٹانگوں، ہاتھوں، کمر، پیٹ کے عضلات تن کر کھنچ جاتے ہیں اور خون نچڑ نچڑ کر دل کی طرف جاتا ہے اور وہاں سجدے کی حالت میں دل کا صاف خون تیزی سے دماغ کی طرف جاتا ہے اور دماغ کو گلوکوز، آکسیجن فراہم کرتا ہے اور رکے ہوئے فاسد مادے خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح انسان دماغی امراض سے محفوظ رہتا ہے۔ سلام پھیرتے وقت گردن کے تمام عضلات اور جوڑوں کو وافر مقدار میں خون مہیا ہوتا اور انسان گردن اور پٹھوں کی اکڑن سے بچا رہتا ہے۔ آج سائنس اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ دائیں ہاتھ سے جو غیر مرئی شعائیں نکلتی ہیں وہ مثبت ہوتی ہیں اور بائیں ہاتھ سے نکلنے والی شعاعیں منفی ہوتی ہیں۔ نماز کے دوران جب ہاتھ باندھے جاتے ہیں تو دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر رکھا جاتا ہے اور اس طرح دائیں ہاتھ کی مثبت طاقت بائیں ہاتھ میں منتقل ہو کر طاقت اور قوت کا باعث بنتی ہیں۔ آج فزیوتھراپسٹ خاص طور پر فالج زدہ مریض کو دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر رکھ کر بیٹھنے کی ہدایت کرتے ہیں جبکہ ایک مسلمان نماز پنجگانہ ادا کرتے ہوئے دن میں کئی بار یہ عمل دھراتا ہے اور بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ تیزی سے بڑھتے ہوئے نفسیاتی امراض سے بھی نماز نجات دلاتی ہے۔ انسان کتنا ہی مایوس کیوں نہ ہو اللہ کو یاد کرنے سے اس کی تمام مایوسیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ ہم اپنی نمازوں میں خشوع و خضوع لا کر دنیا و آخرت میں فلاح پا سکتے ہیں۔(ابو سعدیہ سید جاوید علی شاہ29/178 محلہ حضرت امام صاحب سیالکوٹ0332-8675098)