• news

امریکہ انخلاءسے پہلے پاکستان، افغانستان میں گہری دشمنی پیدا کرنا چاہتا ہے: حافظ سعید


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ شکست کھا کر خطے سے نکلنے سے قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان گہری دشمنی پیدا کرنا چاہتا ہے۔ وزیرستان اور دیگر قبائل کے لوگ محب وطن ہیں۔ حکمران و سیاستدان ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے سیرت رسول سے رہنمائی لیں۔ نبی اکرم نے مدینہ کا امن محفوظ کرنے کیلئے تلوار نہیں چلائی۔ طالبان سے مذاکرات اور اختلافات ختم کرنے کیلئے صلح کا راستہ اختیار کیا جائے۔ حکومت پاکستان بنگلہ دیش میں محب وطن قیادت کو سزائے موت سنائے جانے کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔ اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل و غارت گری کی اسلام کسی صورت اجازت نہیں دیتا۔گذشتہ روز جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ طالبان سے معاملات طے کئے جائیں اور امریکہ، بھارت و اسرائیل کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے قوم کو متحد و بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مشرقی پاکستان کو وطن عزیز پاکستان سے الگ کرنا انڈیا کی بہت بڑی سازش تھی۔ آج وہاں جماعت اسلامی کے نائب امیر دلاور حسین سمیت دیگر محب وطن رہنماﺅں کے خلاف سزائے موت کے فیصلے سنائے جارہے ہیں۔ یہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے جسے کسی صورت درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔ مذہبی و سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر اس مسئلہ پر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کفر و شرک کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری اسلام کی خدمت نہیں بہت بڑی بدعت ہے۔ آج کے دور میں مسلمانوں کے لئے یہ سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ فرقہ واریت کی گنجائشیں نکالنے کیلئے اختلافات کو امت کی رحمت قرار دینا درست نہیں۔ نبی اکرم مسلمانوں کو امت واحدہ بنانے اور اختلافات ختم کرنے آئے تھے۔ فرقہ واریت اور پارٹی بازی کی سیاست سے امت مسلمہ کو زوال کے سوا کچھ نہیں ملا۔ حکمران و سیاستدان نبی اکرم اور خلفاءراشدین کی سنت پر عمل کریں۔ نماز، روزہ کی طرح ہمیں ہر عمل میں قرآن و سنت سے رہنمائی لینی چاہئے اور امت کے باہمی اختلافات ختم کرنے کیلئے اصلاح کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ افضل گورو کی پھانسی کے بعد بھارت پاکستان اور کشمیری مسلمانوں کے خلاف خطرناک منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانا امت مسلمہ پر فرض ہے۔ اس کیلئے ان شاءاللہ بھرپور انداز میں تحریک جاری رکھی جائے گی۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن