الیکشن کمشن اور سپریم کورٹ مسلم لیگ (ن) کے لشکر جھنگوی سے تعلقات کا نوٹس لے : رحمن ملک
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی+ ثنا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) کی کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد اچھا اقدام ہے۔ برطانیہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ملکر لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے لشکر جھنگوی کے ساتھ تعلقات پر الیکشن کمشن اور سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے، ملک میں 80 فیصد وارداتوں میں لشکر جھنگوی ملوث ہے۔ رحمن ملک نے کہا کہ لشکر جھنگوی کے دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے بعد پنجاب میں چھپ جاتے ہیں۔ پنجاب حکومت کو لشکر جھنگوی سے متعلق معلومات اور 734افراد کی فہرست فراہم کردی۔ اُمید ہے اب پنجاب حکومت لشکر جھنگوی کیخلاف کارروائی کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی 80 فیصد کارروائیوں میں لشکر جھنگوی ملوث ہے اور لشکر جھنگوی کے دہشت گرد پنجاب میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ رحمن ملک نے طالبان کو مشورہ دیا کہ وہ سنجیدہ ہیں تو ہتھیار پھینک کر مذاکرات کریں۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں لشکر جھنگوی کے بیان سے متعلق بیان پر (ن) لیگ پریشان ہے۔ پنجاب حکومت کا انٹرنیشنل ٹرانسپرنسی کے ساتھ معاہدہ پریشان کن ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کیا جنگلہ بس سروس سے تمام تقاضے پورے کئے گئے۔ رحمن ملک لندن میں الطاف حسین سے ملاقات کریں گے اور صدر زرداری کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے اور اس دوران وزیر داخلہ ایم کیو ایم کے پی پی سے پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں رحمن ملک نے قوم کو جلد دہشت گردی سے نجات دلانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی سے لشکر جھنگوی کے 20خطرناک دہشت گردوں کو پکڑا ہے جس کی وجہ سے کراچی اور کوئٹہ میں بہت سے دہشت گردی کے ہونے والے واقعات کو روکا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لشکر جھنگوی کے 30لوگ پکڑے، انشاءاللہ جلد قوم کو دہشت گردی سے نجات مل جائے گی۔
رحمن ملک