زرداری اور حواریوں کی لوٹ مار پر ہر پاکستانی شرمند ہے: شہباز شریف
لاہور + نارووال (خصوصی رپورٹر +کامرس رپورٹر+ نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور اس کے حواریوں نے گذشتہ پانچ برس میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا، ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیلا اور کرپشن کے ایسے ریکارڈ قائم کئے جس پر ہر پاکستانی شرمندہ ہے۔ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے والوں نے صرف اپنی جیبیں بھریں اور قوم کو کنگال کر دیا۔ اگر ملک بچانا ہے، کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے تو عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے میاں نوازشریف کو اقتدار میں لانا ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) برسر اقتدار آئی تو نوازشریف کی قیادت میں ملک سے بجلی کے اندھیرے دور کریں گے، میٹرو بس جیسے منصوبے کراچی سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں میں شروع کریں گے اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں نارووال میں نئے منصوبوں کی تختیاں لگانے نہیں بلکہ اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پورا پاکستان بدلے گا۔ قبل ازیں نارووال پہنچنے پر وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے نارووال کیمپس، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، نارووال شکرگڑھ روڈ اور نارووال جسڑ روڈ کا افتتاح کیا۔ میٹرو بس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبہ عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ عوام نے اس عظیم الشان منصوبے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر کے ثابت کیا ہے کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کو صرف عوامی سند کی ضرورت ہوتی ہے، چند روز کے اندر میٹرو بسوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ میٹرو بسوں کے مخالفین منصوبے کی شاندار کامیابی کے بعد خاموش ہو چکے ہیں۔ ڈکٹیٹر مشرف اور زربابا کے حواریوں نے اپنے دور میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاہور کے ساتھ مستقل رابطے میں رہے اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائےں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اٹھارہ رکنی وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ معاشی چیلنجز سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور توانائی، انفراسٹرکچر، لائیو سٹاک، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور امن و امان کی صورتحال پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ رنگ لاہور جشن بہاراں 2013ءکے سلسلے میں مرتب کئے گئے شاندار پروگراموں پر اہالیان لاہور کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شہری ان پروگراموں میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے دلوں کو خوش کریں اور غصہ ٹھنڈا کریں۔ امید ہے کہ یہ پروگرام پانچ برس کی تپش کو دور کرنے میں سودمند ثابت ہوں گے کیونکہ قوم پر پانچ برس بہت بھاری رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے جشن بہاراں کے پروگراموں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے جشن بہاراں کی تقریبات کے افتتاح کے بعد قرطبہ چوک سے اتفاق بس سٹیشن تک میٹرو بس پر سفرکیا اور مسافروں سے میٹرو بس کے منصوبے کے حوالے سے بات چیت کی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے قرطبہ بس سٹیشن سے ٹوکن لیا اور بس میں سوار ہوئے، وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے مسافروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کے لئے آرام دہ، محفوظ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی سہولتیں مہیا کی ہیں۔ شہباز شریف آج صبح 10:30 بجے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے کالا شاہ کاکو کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دانش سکولوں کی تعمیرات کرنے والے ٹھیکےداروں کو ادائیگیوں میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پر کالعدم تنظیموں سے روابط کا بے بنیاد الزام لگایا جا رہا ہے انتخابات آنے والے ہیں سب دیکھ لیں گے کہ (ن) لیگ کن جماعتوں سے اتحاد کرتی ہے اور کون سے امیدوار میدان میں اتارتی ہے۔ پی پی پی کی کرپٹ حکومت گذشتہ پانچ سال میں کوششوں کے باوجود پنجاب میں حکومت پر کوئی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکی 100 فیصد یقین ہے کہ پنجاب میں میٹرو بس، لیپ ٹاپ اور اجالا سکیم میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ شفافیت جانچنے کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے معاہدہ کیا اگر کوئی کرپشن ثابت ہو جائے تو خود کو عوام اور قانون کی عدالت میں پیش کردوں گا۔ پرویز مشرف پر وطن واپس کے لئے کوئی پابندی نہیں جب چاہیں آجائیں ہمیں اپنے والد کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی اس سے بڑی زیادتی نہیں ہو سکتی یہ مکافات عمل ہے۔