• news

قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم‘ کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ‘ خصوصی لیکچر پانچ مارچ کو ملائیشیا روانگی


لاہور (کامرس رپورٹر) نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں 22ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ گذشتہ روز اختتام پزیر ہو گیا۔ کیمپ کے آخری روز صبح کے سیشن میں کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ لئے گئے اور تمام کھلاڑیوں کو فٹنس برقرار رکھنے کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دئیے گئے۔ کیمپ کے اختتام پر قومی ہاکی ٹیم کے منیجر و چیف کوچ اختر رسول چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ میچ پریکٹس کروائی گئی اور روزانہ کی بنیاد پر تر بیتی کیمپ میں کھلاڑیو ں کا میچ کروایا گیا۔ ہم نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ کے سامنے پہنچ کر گول کرنے اور ضائع ہونے والے مواقع پر قابو پانے کے لئے فاروڈرز کو خصوصی ڈرلز کراوئیں اور ان کو فوری گول پر حملہ کرنے کے مختلف طریقے سکھائے۔ ہمارے سامنے ورلڈکپ 2014ءکا ٹارگٹ ہے اور ٹارگٹ کے حصول کی خاطر تمام آپشنز کو آزما رہے ہیں اور اس کے لئے ہمیں کھلاڑیوں کا پول بڑھانا ضروری ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا کہ تر بیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس میں خاصی بہتری آئی ہے اسکے علاوہ ہم نے پنلٹی کارنرز کی خصوصی ٹریننگ کی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے بہترین موقع ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں کارکردگی سے انتخاب کو درست ثابت کریں۔ ہم اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی اور ایشین چیمپئنز ٹرافی کی کار کردگی کے تسلسل کو بر قرار رکھیں۔ قومی ہاکی ٹیم 5 مارچ کی رات کو لاہور سے کوالالمپور روانہ ہو گی جبکہ سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ 9 سے17مارچ تک ایپوہ ملائشیا میں کھیلاجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن