کالعدم تنظیمیں کہتی ہیں شہباز شریف ہماری بدولت وزیراعلیٰ ہیں: منظور وٹو
لاہور (آئی این پی) وفاقی وزیر کشمیر و صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا دہشت گردوں سے تعلق ثابت ہو چکا ہے‘ وزارت اعلیٰ کے اہل نہیں رہے‘ فوری اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں‘ دہشت گرد پنجاب حکومت کی محفوظ پناہ اور سرپرستی میں اپنی مذموم سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں‘ پنجاب سے کراچی اور کوئٹہ جا کر معصوم انسانوں کی جانیں لینے اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے میں مصروف ہیں‘ اگر پنجاب حکومت نے دہشت گردوں کی سرپرستی جاری رکھی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹھوس کارروائی نہ کی تو پھر وفاق اس حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر مجبور ہو گا اور بلاامتیاز سخت کارروائی کر کے انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ وہ سید نوبہار شاہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے پاکستان شیعہ پارٹی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد نے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ میاں منظور وٹو نے کہا کہ (ن) لیگ نے ایسی انتہا پسند تنظیموں سے انتخابی اتحاد کر لیا ہے جنہیں ان کی مذموم سرگرمیوں کے باعث کالعدم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا اس امر کے ٹھوس شواہد سامنے آ چکے ہیں کہ دہشت گرد پنجاب حکومت کی محفوظ پناہ اور سرپرستی میں اپنی مذموم سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور پنجاب سے کراچی اور کوئٹہ جا کر معصوم انسانوں کی جانیں لینے اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے میں مصروف ہیں‘ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ کالعدم انتہا پسند تنظیمیں برملا کہتی ہیں کہ شہباز شریف ان کی بدولت وزارت اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف اسلئے م¶ثر کارروائی نہیں کی جاتی کہ سب سے بڑے صوبے کی حکومت ان کی سرپرستی اور پشت پناہی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ غیر جمہوری سوچ‘ سطحی طرز عمل‘ مفادات کی سیاست‘ کرپشن اور ناقص پالیسیوں‘ ناکام منصوبوں کے باعث عوام میں اپنی رہی سہی ساکھ بھی کھو رہی ہے۔ شریف برادران نے اپنی روشن نہ بدلی تو عام انتخابات میں ن لیگ کی سیاست کا باب ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا۔