• news

لاہور چیمبر کی وزیراعلیٰ سے ملاقات مفید رہی

 وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدےداروں کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی جس میں صنعت و تجارت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ لاہور چیمبر کے صدر افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر ابوذر شاد کے ساتھ ایگزیکٹو باڈی اور سابق صدر شیخ محمد آصف نے بھی شرکت کی۔ عرفان اقبال شیخ اور ابوذر شاد نے ”نوائے وقت“ کو بتایا ویسے تو ہمارے سابق صدر محمد علی میاں کے ہوتے ہوئے کوئی مسئلہ رکتا نہیں ہے لیکن زندگی رواں دواں رہتی ہے تو پرانے مسائل کے ساتھ نئے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں اور پنجاب کو صنعت و تجارت کی دنیا میں آگے لیجانے کے لئے لاہور چیمبر آف کامرس اہم کردار ادا کر رہا ہے آج کی ملاقات کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ پنجاب خصوصاً لاہور میں صنعت و تجارت کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور مستقبل میں نئی سرمایہ کاری کے لئے مختلف تجاویز پر گفتگو کی جائے امن و امان کے مسائل پہلے بہت سنگین ہو گئے تھے خصوصاً صنعت و تجارت کی شخصیات کا اغواءبرائے تاوان کا مسئلہ کافی گھمبیر ہو گیا تھا لیکن بروقت اقدام کرنے سے اب پنجاب خصوصاً لاہور میں تاجروں کا اغواءبرائے تاوان کا مسئلہ آٹے میں نمک سے بھی کم رہ گیا ہے۔ نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت سمال میڈیم انڈسٹری قائم کرنے کیلئے لاہور سے تھوڑی سی دور ایک جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا وزیراعلیٰ اس تجویز پر بہت خوش ہوتے ہیں اور پیر کے روز اس موضوع پر سیکرٹری انڈسٹری اور متعلقہ لوگوں کے ساتھ ملکر ایک پیپر تیار کرنے کا کہا ہے تاکہ سب منصوبہ کاغذ پر منتقل ہونے سے منظوری کے بعد قابل عمل ہو سکے۔ اس نئے صنعتی زون کے قیام سے پنجاب خصوصاً لاہور اور اس کے گردونواح کے تقریباً ایک لاکھ افراد کو روزگار کی سہولتیں میسر آ جائیں گی بجلی اور گیس کا مسئلہ اگرچہ وفاقی نوعیت کا ہے لیکن اس سلسلہ میں بھی پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا گیا اور کچھ قابل عمل تجاویز بھی پیش کی گئیں جن پر عمل کرکے مستقبل قریب میں کم از کم صنعتی اور پیداوار یونٹوں کو بھی تسلسل کے ساتھ ملے گی۔لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدےداروں کی ملاقات یقیناً ثمر لائے گی کیونکہ محمد شہباز شریف جب کوئی کام شروع کرتے ہیں تو پھر اسے پایہ تکمیل تک بھی پہنچاتے ہیں۔ نئے صنعتی زون کا آئیڈیا بے روزگاری ختم کرنے کیلئے بہت اہم ہے اس پر تو فوراً معاہدہ طے پا جانا چاہئے اور پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کمپنی کا قیام عمل میں آ جانا چاہئے۔ باقی مسائل بھی حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن