• news

اورکزئی : بمباری میں 10 شدت پسند جاں بحق‘ متعدد زخمی‘ باجوڑ میں اسلحہ اور بارود برآمد

اورکزئی+باجوڑ ایجنسی (ایجنسیاں) اپر اورکزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی کارروائی میں 10 شدت پسند جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے 3ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ جبکہ باجوڑ ایجنسی میں تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے اپر اورکزئی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔ بمباری کے نتیجہ میں 10شدت پسند جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی بھی ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق بمباری سے جاں بحق ہوئے اور شدت پسندوں کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ ذرائع کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چالیس شدت پسند مارے جاچکے ہیں۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں اتوار کو غیر معینہ مدت تک کیلئے کرفےو نافذ کر دےا گےا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق اس دوران لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں۔ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی بھی ماری جاسکتی ہے۔ مختلف علاقوں میں صبح چھ بجے سے غیر معینہ مدت تک کیلئے کرفیو نافذ رہے گا۔علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے تحصیل ناوگئی کے علاقہ چہارمنگ ،تحصیل ماموند کے علاقہ ڈمہ ڈولہ، ڈبر اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ کمانڈنٹ فور ونگ لیفٹیننٹ کرنل ایوب نے میڈیا کو بتایاکہ سیکورٹی فورسز کے جانب سے سرچ آپریشن کے دوران پکڑے جانےوالے اسلحہ اور ہتھیارو ں میں روسی ساخت کی کلاشنکوف رائفلیں، راکٹ کے گولے، راکٹ لانچر، اےم اےم گن، توپ کے گولے، مارٹر گولے، دستی بم، بم بنانے کے سامان اور سینکڑوں کی تعداد میں کارتوس اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن