• news

انتخابات عدلیہ اور فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں : سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ

کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ میں مسلم لیگ فنکشنل اور اسکی اتحادی اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات عدلیہ اور فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں اور فوجی جوان پولنگ سٹیشنز میں تعینات ہوں۔ کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل اور اسکے اتحادیوں کا اجلاس امتیاز شیخ کی صدارت میں ہوا جس میں فنکشنل لیگ، نیشنل پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جے یو پی، سنی تحریک اور دیگر جماعتوں کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز شیخ نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر سختی سے عمل کیا جائے، سیاسی گورنرز کو ہٹایا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کا بل جس طرح واپس لیا گیا، صاف پتہ چلتا ہے کہ ڈرامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے اسلئے وزیراعلیٰ سندھ فوری استعفیٰ دیں۔ امن قائم کرنا انکے بس کی بات نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن