• news

پاکستان ایران گیس منصوبہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے: فضل کریم

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان ایران گیس منصوبہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔ اقتصادی کمزوری پاکستان کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ امریکہ مختلف بہانوں سے پاکستان کو بلیک میل کرنا بند کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت علمائے پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر پیر سید محمد اقبال شاہ کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب دانش سکول تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں کے بقایا جات ادا کرے۔ قوم دہشت گردوں کے حامیوں کو مسترد کر دے گی۔ چھانگا مانگا برانڈ سیاست پھر زندہ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو موروثیت کی لعنت اور نحوست سے پاک کئے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکتا، دریں اثنا صاحبزادہ فضل کریم نے یوسف رضا گیلانی، چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الہی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں گرینڈ الائنس بنانے پر بھی مشاورت ہوئی، سنی اتحاد کونسل کے میڈیا سیکرٹری نواز کھرل نے بتایا ہے کہ 9 مارچ کو سنی اتحاد کونسل کا وفد صدر پاکستان آصف علی زرداری سے کراچی میں ملاقات کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن