ٹیکس چوروں، کرپٹ مافیا کے پھر پارلیمنٹ میں جانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، طاہرالقادری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے اب تک کے اقدامات سے غیر جانبدار اور شفاف الیکشن کی امیدیں دم توڑتی ہوئی محسوس ہو رہی ہیں لگتا ہے کہ الیکشن کمشن سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کرپٹ سیاست کو جتوانے اور ریاست پاکستان کو ہروانے کے لئے کام کر رہا ہے، ڈگریوں کے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے پسپائی کے بعد الیکشن کمشن کاغذات نامزدگی سے بھی پیچھے ہٹتا نظر آ رہا ہے ایک ماہ سے 15دن اور اب عملی طور پر سکروٹنی کا عمل بھی ایک ہفتے کا رہ گیا۔ آئین کے آرٹیکل 62، 63پر بھی عمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر طاہرالقادری نے گزشتہ روز ٹورنٹو (کینیڈا) سے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا ٹیکس چوروں اور کرپٹ مافیا کے پارلیمنٹ میں جانے کی راہ ایک بار پھر ہموار کی جا رہی ہے وہی گھوڑے اور وہی سیاست کا میدان اور دھاندلی کرتے ہوئے عوام کے حقوق کو ذبح کرنے کااختیار لے لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا الیکشن کمشن ہر آنے والے دن اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹتا جا رہا ہے جو ملکی استحکام اور عوام کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔