دوسری جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے تو سب کے منہ کھلے رہ جائینگے: رحمن ملک
لاہور (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتا ہوں، پنجاب حکومت کو لشکری جھنگوی کے 734 افراد کی فہرست دیدی ہے، مسلم لیگ (ن) کفارہ ادا کرنے کیلئے فوری طور پر انہیں گرفتار کرے، پنجاب میں لشکر جھنگوی کا ہیڈ کوارٹ ہونا ایک حقیقت ہے جسے کوئی جھٹلا نہیں سکتا، کبھی الطاف حسین اور کبھی ہم ان کو قائل کر لیتے ہیں ایم کیو ایم کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوسکتی ہے، پیپلزپارٹی تمام سیاسی جماعتوں کو آئندہ انتخابات میں ٹف ٹائم دیگی ہم نے دوسری جماعتوں کے لوگوں سے رابطے شروع کردیئے تو سب کے منہ کھلے رہ جائیں گے، جے یو آئی (ف) کی اے پی سی میں کالعدم تنظیمیں بھی موجود تھیں، بہتر ہوتا تحریک طالبان کو بھی بلا لیتے۔ دوبئی سے وطن واپسی پر لاہور ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا لندن میں الطاف حسین کے ساتھ ہونیوالی ملاقات انتہائی کامیاب رہی اور دونوں جماعتیں تمام سیاسی اختلافات کو مل بیٹھ کر حل کر لیں گی اور مستقبل میں ایم کیو ایم کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کوئٹہ اور کراچی میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات میں لشکر جھنگوی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ہم نے طالبان کی کمر توڑ دی ہے آج کوئٹہ، کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں طالبان کا خطرہ ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا میں طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتا ہوں لیکن ایسا ممکن نہیں کہ طالبان ہمارے لوگوں پر حملے بھی کریں اور مذاکرات بھی، دونوں کام ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا ہم نے کبھی لشکر جھنگوی کے ساتھ کھانا کھایا ہے اور نہ ہی مارچ پاسٹ کیا۔ ہم نے ہمیشہ دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا لوگوں نے اربوں روپے کے محل بنائے لیکن کسی نے کوئی بات نہیں کی اور آج بلاول ہاﺅس کے بارے میں باتیں کی جا رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی کو کمزور نہ سمجھا جائے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کو ٹف ٹائم دیں گے اور آنیوالی حکومت بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی۔