نااہل حکمرانوں نے قوم کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا: مولانا فضل الرحمن
ڈی آئی خان (نوائے وقت نیوز) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے قوم کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا۔ اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف انسانی لاشیں رقص کرتی نظر آرہی ہیں۔ ہماری مغربی سرحدیں بھی غیر محفوظ ہو گئی ہیں۔ اس ملک میں ہم نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ بھی سنا۔ کیا آج ان کی پارٹی کو کوئی کہہ سکتا ہے کہ وہ امریکہ مخالف پارٹی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے امریکہ مردہ باد کا نعرہ بھی لگایا تھا۔ ہمیں اعتراف ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو سے توانا آواز تاریخ میں پیدا نہیں ہوئی۔ کیا پیپلز پارٹی نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دیا ؟ قوم مایوس ہے۔ آنے والی نسل کو خوشحال پاکستان کی نوید دلانا ہو گی۔ ملک کو معاشی طور پر کنگال کر دیا گیا۔ مغرب کے ایجنٹ امریکہ مخالف جملے بول کر دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔