• news

سازشی عناصر پختونوں، مہاجروں کو لڑا کر حکمرانی کرتے رہے ہیں: الطاف

اسلام آباد (خبرنگار+نوائے وقت نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سازشی عناصر غریب پختونوں اور مہاجروں کو آپس میں لڑا کر حکمرانی کرتے رہے ہیں لہٰذا غریب عوام کو عہد کرنا ہوگا کہ وہ آپس میں نہیں لڑینگے۔ اگر انگریزوں کا دیا ہوا نام نہیں چلے گا تو پھر پاکستان میں انگریزوں کا دیا ہوا نظام بھی نہیں چلے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں خیر پی کے کنونشن سے ٹیلی فون خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پختون بھائیوں سے چند سوالات کرنا چاہتا ہوں۔ چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے بڑا نقصان ہوتا ہے، پختونوں اور مہاجروں کو سازشوں کے ذریعے لڑایا گیا۔ اگر پاکستان کے غریب و متوسط طبقے کے عوام فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور اپنے حقوق کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوگئے تو پاکستان میں 98فیصد غریب و متوسط طبقے کے انقلاب کو آنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ بلکہ اپنے حقوق کیلئے جاگیرداروں اور وڈیروں کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ سیاسی کلچر کے خلاف عملی جدوجہد کررہی ہے۔گزشتہ تین سے پانچ دہائیوں قبل کراچی آنے والے پختونوں کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا جاتا تھا، پختون عوام محنت مزدوری کرتے تھے اور ان کا مہاجروں سے کوئی جھگڑا نہیں تھا لیکن بعض عناصر نے اپنے مفادات کے تحت غریب پختونوں اور اردو بولنے والوں کو سازشوں کے ذریعے آپس میں لڑایا اور ان میں نفرتیں پیدا کیں تاکہ مفاد پرست عناصر حکمرانی کرتے رہیں۔ آج خیبر پی کے میں طلبہ و طالبات کے سکولوں، امام بارگاہوں، مساجد اور بزرگان دین کے مزارات کو تباہ کیا جا رہا ہے، ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، کراچی میں مسلح دہشت گردوں کے گینگ بنا دیئے گئے ہیں جو کھلے عام اغواءبرائے تاوان، بھتہ خوری، لوٹ مار اور قتل و غارتگر ی میں مصروف ہیں ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ میں نے بھوک، افلاس اور غربت دیکھی ہے، پیدل چل کر طویل سفر کئے ہیں، بسوں اور منی بسوں میں لٹک کا سفر کیا ہے اور ٹیوشن پڑھا کر اپنی تعلیم مکمل کی اور یہ بتانے میں مجھے کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی ۔ میری جدوجہد صرف اور صرف پاکستان اور اس کے غریب عوام کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کو مہاجروں سے کوئی شکایت ہے تو میں معافی لیکر آپ کے گھر آ گیا ہوں مجھے معاف کر دو۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متحدہ کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں احتساب سے ہی ملک میں کرپشن ختم ہوگی، ایم کیو ایم کے کسی وزیر کیخلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں، پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی وسیم اختر نے کہا کہ اب ایم کیوایم کے ذریعے 98 فیصد عوام برسراقتدار آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن