آزاد کشمیر میں ان ہاﺅس تبدیلی کا امکان نہیں، 9 وزرائ، ڈپٹی سپیکر کا اعلان
اسلام آباد (این این آئی) آزاد کشمیر کے نو وزراءاور ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار نے ان ہاﺅس تبدیلی کو خارج الامکان قراردیتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر اور صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔ پوری پارلیمانی پارٹی سیسہ پلائی دیوار کی طرح وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تبدیلی کسی کی خواہش پر نہیں ہو گی۔ آزاد کشمیرمیں پیپلز پارٹی کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار آزادکشمیر کے وزراءچوہدری مطلوب انقلابی، میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، چوہدری علی شان سونی، راجہ فیصل ممتاز راٹھور، سید اظہر گیلانی عبدالسلام بٹ اور ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈارنے اتوار کے روز نیشنل پریس کلب میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ آزاد کشمیر میں تبدیلی کے خواب دیکھنے والوں کو مایوسی ہو گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ڈیڑھ سال کے مختصر عرصہ میں تعمیر و ترقی اور میگا پراجیکٹس کے ذریعے عوام کے احساس محرومی کو ختم کیا۔ آزاد کشمیر کے وزراءنے 26 ارب بیل آﺅٹ پیکج دینے اور مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پالیسی اختیار کرنے پر حکومت پاکستان اور صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوری اداروںکے استحکام اور تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی کی مدت پوری کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔ وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں دہشتگردی کو کنٹرول کیا۔ صدر پاکستان کی مدبرانہ سیاست سے جمہوریت کو استحکام ملا۔ گوادر پورٹ کے حوالہ سے چین سے معاہدہ، پاکستان ایران گیس معاہدہ اور عالمی سطح پر استحکام پاکستان کے اقدامات ، آئینی ترامیم ، صوبوں کو مساویہ حقوق دینے ، بلوچستان پیکیج اور آزادکشمیر کے لیے بیل آﺅٹ پیکیج دینے پر صدر آصف علی زرداری کے شکر گزار ہیں۔