شیری رحمن کیخلاف توہین رسالت کے مقدمہ کی نقل عدالت میں پیش
ملتان (سپیشل رپورٹر) پولیس تھانہ چہلیک نے سابق وفاقی وزیر و پاکستان کی امریکہ میں موجودہ سفیر شیری رحمن کے خلاف درج توہین رسالت کے مقدمہ کی نقل عدالت میں پیش کر دی ہے۔ عدالت نے مقدمہ کی نقل اور درست کاپی کو مدعی مقدمہ کو دینے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ مدعی مقدمہ نے مطالبہ کیا ہے مقدمہ میں ملوث ملزمہ کا پاسپورٹ منسوخ کرا کے پولیس ملزمہ کو حراست میں لے۔ مدعی مقدمہ کا مزید کہنا تھا اسے سنگین نتائج کی مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم وہ مقدمہ کی پیروی سے دستبردار نہیں ہونگے۔ عدالت میں پیش کردہ ایف آئی آر کے مطابق مدعی محمد فہیم اختر نے م¶قف اختیار کیا ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سابق وفاقی وزیر نے توہین رسالت کا ارتکاب کیا ہے اس لئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ واضح رہے کہ فہیم اختر گل نے عدالت میں ایف آئی آر کی نقل فراہم کئے جانے سے متعلق درخواست دائرکی تھی جس پر عدالت نے ایس ایچ او تھانہ چہلیک کو ہدایت کی تھی وہ ایف آئی آر کی نقل عدالت میں پیش کرے۔ گزشتہ روز نقل فراہم کر دی گئی جس کے بعد درخواست کو نمٹا دیا گیا ہے۔