• news

انتہا پسند پھر اکٹھے ہو رہے ہیں، حالات جو بھی ہوں الیکشن ملتوی نہیں ہونگے: کائرہ


لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہوں گے۔ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں کوئی اختلافات نہیں۔ ڈیسک ایڈیٹرز فورم کے عہدیداروں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ قوم کو دیکھنا چاہئے کہ کون سی سیاسی جماعتیں یا گروہ کالعدم تنظیموں کے ساتھ انتخابی اتحاد کر رہے ہیں اور کن کے ان کے ساتھ تعلقات ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا اپنا کردار انتہائی مشکوک ہے اس لئے وہ ٹرانسپیرنسی کی کسی رپورٹ کو مانتے ہیں نہ عوام کو ایسی رپورٹس پر کوئی رائے قائم کرنی چاہئے۔ پیپلز پارٹی عام انتخابات بروقت کرانے پر یقین رکھتی ہے۔ جمہوری عمل کے ذریعے بننے والی سیاسی حکومت کی پوری حمایت کی جائے گی۔ قبل ازیں ڈیسک ایڈیٹرز فورم کی تقریب حلف برداری میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے۔ اس لئے ہمیں خود اپنا راستہ متعین کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے۔ 5سالہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے میڈیا کو مکمل آزادی دی۔ ہم تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں کہ صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ان کے دروازے کھلے ہیں۔ صحافیوں کے تمام مسائل حل کریں گے۔ کوئی شک میں نہ رہے عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ الیکشن منصفانہ ہوئے تو ماضی کی طرح اس بار بھی پیپلز پارٹی ہی انتخابات جیتے گی۔ قوم کو انتخابات میں دہشت گردوں کے حامیوں اور دہشت گردوں کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانا جانتے ہیں۔ ایران سے ماہدہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے مفاد میں سے گوادر پورٹ اور پائپ لائن معاہدے سے طاقتوں کے سامنے جھکنے کے الزامات غط ثابت ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن گوادر پورٹ منصوبے ہمارے مفاد میں ہیں۔ پنجاب حکومت جس ادارے سے اپنے منصوبوں کی شفافیت کا سرٹیفکیٹ لینے کی بات کر رہی ہے اس کا اپنا کردار مشکوک ہے۔ حالات جو بھی ہوں انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے۔ انتہا پسند پھر اکٹھے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس سروس چلانے کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی۔
قمرالزمان کائرہ

ای پیپر-دی نیشن