• news

این اے 126 : نشست پر تحریک انصاف کی نظریں عمران خان الیکشن لڑینگے


لاہور (رپورٹ: فرخ سعید خواجہ) قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 126 اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس حلقے پر نظریں جما رکھی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عمران خان اس حلقے سے بھی الیکشن لڑیں گے۔ ماضی میں اس حلقہ انتخاب سے ملک کی قد آور سیاسی شخصیات رکن قومی اسمبلی رہ چکی ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے اسحاق ڈار، جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور پیپلز پارٹی کے خواجہ احمد طارق رحیم نمایاں ہیں۔ این اے 126 کے ذیلی صوبائی حلقوں پی پی 151 اور پی پی 152 سے بھی معروف افراد الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں۔ پی پی 151 سے جماعت اسلامی کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے معروف موجودہ لیڈر میاں محمود الرشید، 1988ءاور 1990ءمیں رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر ارشد عمران سلہری 1993ئ، 1997ءمیں مسلم لیگ (ن) اور 2002ءمیں (ق) لیگ کی ٹکٹ پر جیل میں قید احد ملک رکن پنجاب اسمبلی رہ چکے ہیں۔ موجودہ مسلم لیگ (ن) کے موجودہ رکن پنجاب اسمبلی اعجاز احمد خان بھی یہاں سے کامیابی حاصل کرنےوالوں میں نمایاں ہیں جبکہ اس حلقہ انتخاب سے شکست کھانے والوں میں پیپلز پارٹی کی معروف سیاسی رہنماءاور شہید بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان کے دست راست سردار حُر بخاری، پیپلز پارٹی ہی کے رانا عیش بہادر، منیر احمد خان، کرکٹر سرفراز نواز، جمعیت علماءاسلام (ف) کے حسن فاروق نمایاں تھے۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 152 سے مسلم لیگ (ن) کے میاں فضل حق 1985ءمیں آزاد حیثیت سے اور پھر 1993ءاور 1997ءمیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے یہاں کامیاب رہے۔ (ق) لیگ میں شمولیت کے بعد انہوں نے سیاسی گوشہ نشینی اختیار کرلی ہے۔ یہاں سے اب (ق) لیگ کے امیدوار چودھری مونس الٰہی ہیں۔ آنیوالے الیکشن میں اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے اشرف گل، (ق) لیگ کے چودھری مونس الٰہی، موجودہ رکن پنجاب اسمبلی مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر سعید الٰہی اور پاکستان تحریک انصاف کے فرخ جاوید مون پنجہ آزمائی کرینگے۔ جہاں تک این اے 126 اور پی پی 151، 152 کا تعلق ہے یہ شہری اور دیہی علاقوں، اشرافیہ، متوسط طبقے اور غرباءکی آبادیوں پر مشتمل ہے۔ الیکشن 2002ءکی نسبت آنیوالے الیکشن کیلئے یہاں ووٹروں کی تعداد میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ اضافی ووٹوں پر سب سے زیادہ تحریک انصاف اپنا حق جتاتی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ووٹر گھرانوں کی اولادیں لگ بھگ مجموعی طور پر ان جماعتوں کی طرف ہی راغب ہیں جن سے انکے بڑے وابستے ہیں البتہ انقلابی سوچ رکھنے والے اور تبدیلی کے خواہاں نوجوان ووٹر بلاشبہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب مائل ہیں۔ این اے 126 میں الیکشن 2013ءکیلئے تیار کردہ نئی ووٹر فہرستوں کے مطابق کل ووٹروں کی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 178 ہے جن میں مرد ووٹر 1 لاکھ 89 ہزار 579 اور خواتین ووٹر 1 لاکھ 64 ہزار 599 ہے۔ این اے 126 کے موجودہ رکن قومی اسمبلی عمر سہیل ضیاءبٹ، نوازشریف، شہبازشریف کے چچا میاں محمد شفیع کے نواسے اور سہیل ضیاءبٹ کے صاحبزادے ہیں۔ آنیوالے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمر سہیل ضیاءبٹ یا اسحاق ڈار ہوسکتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے جہانگیر بدر امیدوار ہوں گے۔
این اے 126

ای پیپر-دی نیشن