پنجاب میں الیکشن کے انتظامات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سیل قائم
لاہور (معین اظہر سے) صوبائی چیف سیکرٹری نے پنجاب میں الیکشن کے انتظامات اور تیاریوں کے لئے اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کو صوبے میں الیکشن سیل کا انچارج بنا دیا گیا ہے، امن و امان سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو دوسرے سیل کا سربراہ بنا کر آئی جی پنجاب اور پولیس کو ہوم سیکرٹری کے ماتحت کر دیا گیا جبکہ ڈویژنل سطح پر کمشنر جبکہ اضلاع میں ڈی سی او کو الیکشن کے انتظامات کے نگران مقرر کر دیا گیا۔ سیکرٹری آئی اینڈ سی اس بارے میں آج احکامات جاری کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہوم سیکرٹری شاہد خان نے چیف سیکرٹری پنجاب کو صوبے میں عام انتخابات کے لئے الیکشن کمشن سے تعاون اور الیکشن کے انتظامات، امن و امان اور پولنگ سٹیشنوں کی سکےورٹی کے لئے صوبائی سطح، ڈویژنل سطح اور اضلاع کی کمیٹیاں بنانے کی تجاویز بھجوائی تھیں جن کی چیف سیکرٹری نے گذشتہ روز منظوری دے دی۔ تجاویز کے تحت ایک سیل ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں بنایا گیا ہے جو صوبے میں انتخابات کے انتظامات کی نگرانی کرے گا۔ سیل کے دیگر ممبران میں سیکرٹری ہوم، سیکرٹری سکولز، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری آئی اینڈ سی، آئی جی پنجاب، صوبائی الیکشن کمشنر کا نمائندہ شامل ہیں۔ الیکشن کمشن کے ساتھ سکیورٹی پولنگ سٹیشنوں کی حفاظت، صوبے میں امن و امان کے اقدامات کرنے کے لئے بھی ہوم سیکرٹری کی سربراہی میں سیل بنایا گیا ہے جس کے ممبران میں آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی پنجاب سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، وفاقی حساس اداروں کے نمائندے، الیکشن کمشن کا نمائندہ شامل ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ہوم ڈیپارٹمنٹ اس سیل کے سیکرٹری کے طور پر کام کرے گا۔ الیکشن کمشن کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کے لئے ڈویژن کی سطح پر تمام کمشنر سیل کے چیئرمین ہونگے اس کے ممبران میں ریجنل پولیس افسر، تمام اضلاع کے ڈی سی او، ایس ایس پی سپیشل برانچ، وفاقی حساس اداروں کے نمائندے اور ریجنل الیکشن کمشن کا نمائندہ اس کا ممبر ہو گا۔ اس کے علاوہ اضلاع کی سطح الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو ڈسٹرک ریٹرننگ افسروں کی مدد کریں گی، ڈی سی او کمیٹیوں کے چیئرمین ہونگے۔
الیکشن انتظامات