پاکستان بھارت ہاکی سیریز سات سال بعد بحال‘ میچ اپریل میں ہونگے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے درمیان 7 سال بعد ہاکی سیریز کی بحالی معاہدہ طے پا گیا۔ پاکستان اور بھارت کی حکومتوں نے اپنے ہاکی فیڈریشن کو دو طرفہ سیریز کے لئے این او سی جاری کر دئیے ہیں۔ معاہدہ کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم 3 اپریل کو بھارت کا دورہ کرے گی جہاں 5 سے 15 اپریل تک پانچ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی جبکہ بھارتی ٹیم جوابی دورہ کے لئے 23 اپریل کو پاکستان آئے گی۔ اس بات کا اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے گذشتہ روز ایشین ہاکی فیڈریشن کے کانگرس اجلاس سے واپسی پر ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی ہاکی فیڈریشن کافی عرصہ سے اس کوشش میں تھیں کہ دوطرفہ ہاکی سیریز کا سلسلہ بحال کیا جائے، پاکستان ہاکی کی جانب سے پہلے ہی بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے کلیئرنس دی جا چکی تھی جبکہ اب بھارتی حکومت نے بھی اپنی ہاکی انڈیا فیڈریشن کو پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی اجازت دیدی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوشش تھی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کا دور واپس لایا جائے، بھارتی ٹیم کی آمد سے پی ایچ ایف اپنا وعدہ پورا کر دے گی، امید ہے کہ مستقبل میں دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد کا بھی سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ہاکی سیریز میں نیوٹرل امپائر ہونگے تاکہ رزلٹ کو صاف اور شفاف رکھا جا سکے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس اہم سیریز کے لئے تین امپائرز کو تعینات کرے۔ اس سیریز کے لئے وینوز کو حتمی شکل دیدی گئی ہے پاکستان ٹیم بھارت میں رانچی، لکھنو، دہلی، موہالی اور جالندھر میں میچز کھیلے گی جبکہ بھارتی ٹیم دورہ پاکستان میں فیصل آباد، کراچی، سیالکوٹ اور لاہور میں میچز کھیلے گی۔ میچوں کی تاریخوں کا اعلان سپانسرز کے ساتھ معاملات طے کرنے کے بعد کیا جائے گا۔