تخت لاہور ہمیشہ مجھ سے لڑتا رہا‘ پنجاب حکومت نے وفاق کو کمزور کرنے کی کوششیں کیں : زرداری
ملتان (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کو محکوم رکھا گیا اور یہاں ترقیاتی کام نہیں ہوئے موجودہ حکومت نے ترقی کے ثمرات کو علاقہ تک پہنچایا ہے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں آئندہ بھی پی پی حکومت علاقہ میں ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر زرداری نے ملتان میں رشید آباد فلائی اوور کا افتتاح کرنے کے بعد شرکا سے خطاب میں کیا۔ رشید آباد فلائی اوور 500 میٹر طویل ہے اور اس پر ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت آئی، پل کو 10 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ جبکہ صدر نے دریائے راوی پر سعید والا کے مقام پر پل کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ صدر زرداری نے کہا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے یوسف رضا گیلانی سے کہا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ ہم جب الیکشنوں میں جائیں تو لوگ کہیں کہ آپ نے ہمارے شہر کو پٹوا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں آ کر خوشی ہوئی ہے کہ یہاں 90 سے 95 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرحت اﷲ بابر کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی نے بتایا کہ یہاں کا بجٹ میں حصہ 30 فیصد بنتا ہے ہم پوری کوشش کے باوجود 29 فیصد تک پہنچ سکے ہیں۔ اتنا پرانا کام ہے عوام اتنا عرصہ محکوم رہے ہم پوری کوشش کے باوجود یہاں پہنچ نہیں سکتے تھے۔ دعا کریں دو بارہ عوام آپ کو عزت دیں اور ہماری حکومت آئے، میں نمائندوں کو گائیڈ کروں گا اور ایک بار پھر جنوبی پنجاب میں پروجیکٹس شروع کئے جائیں گے۔ صدر زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے کہا کہ آپ کی حکومتیں آتی رہیں گی اور میں ان کی رہنماﺅں کرونگا۔ صدر نے اس موقع پر انتہائی مختصر ترین خطاب کیا اور چند باتیں سرائیکی میں کرنے کے بعد اپنی تقریر ختم کر دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر، عاصمہ ارباب عالمگیر اور دیگر اہم پارٹی رہنما موجود تھے۔ صدر کے اس مختصر خطاب پر لوگ مختلف تبصرے کرتے رہے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے صدر کے دو عہدے رکھنے پر کارروائی کا نتیجہ ہو سکتا ہے کیونکہ ہائیکورٹ نے انہیں دو عہدے چھوڑنے کا حکم دیا ہے تاہم ان کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ صدر جس پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین ہیں وہ سیاست میں فعال نہیں بلکہ ایک ایسوسی ایشن کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ صدر آصف علی زرداری پنجاب کے مختلف شہروں کے دورے کے سلسلے میں ملتان پہنچے جہاں انہوں نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے وعدے کا اعادہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو الگ صوبہ دینے کا وعدہ پورا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں جمہوریت کے ذریعے ترقی کی بنیاد رکھی۔ انکا کہنا تھا کہ ملک میں بروقت اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ منتخب جمہوری حکومت اپنے پانچ سال مکمل کر رہی ہے۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ تخت لاہور ہمیشہ میرے ساتھ لڑتا رہا ہے حالانکہ ہم نے 5 برس معاملات مفاہمت سے چلانے کی کوشش کی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے دکھایا کہ وفا کس طرح ہوتی ہے۔ تاریخ میں بھٹو نے جو مشن شروع کیا ہمیں اس پر فخر ہے۔ سانحہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے کارکن بھی شہید ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بھٹو نے جو مشن شروع کیا ہمیں اس پر فخر ہے، جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے اربوں روپے خرچ کئے۔ دریں اثنا گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے اپنے گروپ کو پیپلز پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط کیا ہے۔ گورنر بناکر صدر زرداری نے مجھ پر مہربانی کی۔ میں اور میرا خاندان ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ وفا کرینگے۔ صدر سے وکلا نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔صدر زرداری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور تخت لاہور ہمیشہ پیپلز پارٹی کے خلاف رہے ہیں لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی عوامی طاقت سے پاکستانی عوام کی خدمت کرتی رہی ہے اور انشاءاللہ مستقبل میں بھی عوام ان کا ساتھ دیں گے۔ وہ گورنر احمد محمود کی رہائش گاہ پر جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 5 برس تک وفاق کو کمزور کرنے کی کوششیں کی ہیں مگر پیپلز پارٹی نے اندرونی اور بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ ہمیشہ صوبوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا ہے۔ ہمیشہ صوبوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض غیر جمہوری قوتیں سازشوں میں مصروف ہیں جو قوم کی توجہ اصل معاملات سے ہٹانا چاہتی ہیں مگر عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ جنوبی پنجاب کو ہمیشہ محکوم رکھا گیا ہے، ہم یہاں کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ ہم نے چیلنجز اور مشکلات کا بھرپور مقابلہ کیا ہے ہمارے سیاسی حریف بھی مجبوراً معترف ہیں کہ ہم نے نامساعد حالات کے باوجود عوامی مسائل کے حل کےلئے عملی کوششیں کیں اس میں اتحادی پارٹیوں، دوستوں اور عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہم نے کئی میگا پراجیکٹ شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں زیادہ سے زیادہ منصوبے دئیے ہیں کیونکہ ماضی میں اس خطے کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا ہے۔ ہم جنوبی پنجاب کی محرومیاں جانتے ہیں۔ عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ ضرور پورے کریں گے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں وفاقی حکومت نے 8 فلائی اوور مکمل کرائے ہیں جس کے تحت ٹریفک کے بہاﺅ میں آسانی پیدا ہو گی اور علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں 3 کھرب کے منصوبے مکمل کرائے ہیں جو کہ ریکارڈ ہیں۔ صدر زرداری کی ہدایت پر ملتان کے باقی منصوبوں کے لئے بھی ڈیڑھ ارب روپے جاری ہو گئے ہیں اور باقی منصوبے بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد برن سنٹر، انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح اور کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ رشیدآباد فلائی اوور ایک ارب اڑتالیس کروڑ کی لاگت سے 10 ماہ میں مکمل کیا گیا ہے جب کہ دریائے راوی کے مقام پر 3 کلومیٹر لمبے پل پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ اٹھارہ ماہ میں مکمل ہو گا۔