فلپائن میں ہونیوالی باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے 11 مارچ سے فلپائن میں منعقد ہونے والی اے ایس بی سی یوتھ باکسنگ چیمپیئن شپ کیلئے چار رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی باکسنگ ٹیم 10 مارچ کو فلپائن روانہ ہوگی محمد شعیب 49 کلو گرام ، حامد حسین 52 ، سید رضا اشرف 56 جبکہ یاسر اقبال 91 کلو گرام کلاس میں نمائندگی کرینگے۔ قمر الدین شیخ ٹیم کے مینجر جبکہ کوچز میں علی بخش اور مجید بروہی شامل ہیں۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں باکسرز اپنے کوچز سے ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔یوتھ باکسنگ چیمپیئن شپ میں توقع ہے کہ باکسرزمیڈلز کے حصول میں کامیاب ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقابلوں میں 30 سے زائد ممالک کے باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔