• news

بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 135 رنز سے شکست دے دی

حیدرآباد (اے پی پی) بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 135 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 74 رنز دو کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو ایڈ کاﺅن 26 اور شین واٹسن 6 رنز پر کھیل رہے تھے، آسٹریلوی بلے باز اوقفے وقفے سے آﺅٹ ہوتے رہے، واٹسن گزشتہ روز کے سکور میں اضافہ کئے بغیر اشانت شرما کا نشانہ بن گئے۔ کپتان مائیکل کلارک 16 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔ ایڈ کاﺅن 44 ‘ موسس ہنریکس بدقسمت رہے اور بغیر کوئی رن بنائے رن آﺅٹ ہوگئے۔ گلین میکسویل 8 رنز بناکر ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پیٹر سڈل 4 رنز بنانے کے بعد جدیجا کا شکار بنے۔ میتھیو ویڈ 10 اور جیمز پیٹنسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، دونوں کو روی چندرن ایشون نے آﺅٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم 131 پر ڈھیر ہوگئی اور اسے اننگز اور 135 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کی جانب سے ایشون سب سے کامیاب باﺅلر رہے انہوں نے 63 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ روندرا جدیجا نے تین اور اشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔ چیتشوار پجارا کو 204 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن