بھارت سے سبزیوں کی درآمد پر کسان بورڈ کا اظہار تشویش
لاہور (نیوزرپورٹر) مرکزی صدر کسان بورڈ سردار ظفر حسین خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس ممبر ٹریڈ کمیٹی کے بیان پر کہ ”حکومت نے گزشتہ سال بھارت سے 39ارب روپے کی سبزیاں درآمد کیں اور بھارت سے مجموعی درآمدات کا 38فیصد حصہ تازہ سبزیوں پر مشتمل ہے۔“ پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ماہرین، پالیسی ساز اداروں اور حکومتی اکابرین کے لےے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے ہم نے ایک کثیر رقم صرف سبزیوں کی درآمدات پر اڑا دی۔ اگر اس رقم کا نصف بھی زرعی شعبے کی بہتری اور کسانوں کو سہولیات مہیا کرنے پر خرچ کر دیا جاتا تو نہ صرف زرعی شعبہ میں بہتری آتی بلکہ کسان کو بھی خوش حالی نصیب ہوتی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوتی۔