• news

نگران وزیراعظم کیلئے شاکر اللہ‘ ناصر اسلم‘ رسول بخش پلیجو کے نام فائنل‘ آج وزیراعظم کو خط لکھوں گا : چودھری نثار

لاہور (خصوصی رپورٹر) قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے جسٹس (ر) شاکر اﷲ جان‘ جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد اور رسول بخش پلیجو کے نام فائنل کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم کے خط کا جواب آج لکھوں گا، نگران حکومت کیلئے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، چاہتے ہیں قومی و صوبائی اسمبلیاں ایک ہی دن تحلیل ہوں‘ پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی بیک چینل مذاکرات نہیں ہو رہے‘ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن ہوں لیکن بلوچستان اور سندھ میں اپوزیشن لیڈر ابھی تک نامزد نہیں کئے گئے، 20 ویں ترمیم کے بعد جلد از جلد اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن سندھ اور بلوچستان میں الیکشن چرانے کی تدابیر ہورہی ہیں، ہمارا مقصد اپنی مرضی کے لوگ لانا نہیں ہے نگران حکومت کے لئے ایسے لوگ آئیں جن پر سب کو اعتماد ہو تحریک انصاف کو بھی اعتماد میں لیں گے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جماعتوں سے مشاورت ہوگی۔ حکمرانوں نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، ملک کو اتنا کھوکھلا کیا جا رہا ہے، پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے بھی دو نام شارٹ لسٹ کردیئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹی جنرل لیاقت بلوچ کی وساطت سے عمران خان تک یہ نام پہنچا دئیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف جمعرات یا جمعہ کو صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد کو خط لکھ کر اسی طرح نام بھجوائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ بلوچستان میں آئین کی روح کے منافی اقدام کرکے نگران حکومتیں بنائی گئیں تو پھر مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی کو مرکز اور دیگر اسمبلیوں کے ساتھ تحلیل نہیں کرے گی نہ ہی تمام الیکشن پھر ایک روز منعقد ہو سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ میں بدامنی کی ذمہ دار وہاں کی حکومتیں ہیں، عام انتخابات کے بعد آنے والی مضبوط سیاسی حکومت صورت حال کو کنٹرول کر سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن ملتوی کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی، حالات آزادانہ و منصفانہ الیکشن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت یا کوئی نام نہاد ٹیکنو کریٹ حکومت صورت حال کنٹرول نہیں کر سکتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک میں کسی کو کانٹا چبھ جائے تو پنجاب کو گالی پڑتی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ اور ایف بی آر میں سودے بازی کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے اور قومی خزانے کا منہ پیپلزپارٹی کے لوگوں پر نچھاور کیا جا رہا ہے، آصف زرداری کے ”کرونی“ جن کو ایف بی آر کا کچھ اتاپتا نہیں وہ اربوں روپے کے ٹیکسز معاف کر رہے ہیں، ہم اقتدار میں آکر وزارت خزانہ اور ایف بی آر میں ہونیوالی لوٹ مار کا حساب لیں گے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر مسلم لیگ (ن) کا واضح مﺅقف ہے کہ یہ کالا قانون ہے اور مسلم لیگ (ن) اس کی بھرپور مخالفت کرے گی جہاں تک عمران خان کی الزام تراشی کا تعلق ہے وہ بے بنیاد ہے اور مسلم لیگ (ن) کا خوف عمران خان کو بدحواس کر رہا ہے۔ چودھری نثار علی خاں نے کہاکہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ذریعے حکومت نے ٹیکس چوروں اور بلیک منی والوں کو بچت کا رستہ دکھایا ہے

ای پیپر-دی نیشن