ریلوے کے 338 انجن ناکارہ، 127 چالو، اکثر خراب ہیں، قائمہ کمیٹی میں انکشاف
اسلام آباد( آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے پاکستان ریلوے کے حکام کو وارننگ دی ہے کہ 30 روز میں ریلوے ایمپلائیز کراچی ہاﺅسنگ سوسائٹی کی 510 ایکڑ زمین واپس کرے ورنہ معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان ریلوے کی 25 ہزار کنال اراضی پر بڑے بڑے مافیاز نے قبضہ کررکھا ہے جبکہ 338 انجن ناکارہ ہوگئے‘ محض 127 انجن چلنے کے قابل ہیں مگر ان میں بھی ایک تہائی چالو حالت میں نہیں‘ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ریلوے کے اصل حقائق جاننے کیلئے ریلوے ورکرز یونین کے نمائندوں کو بلاکر بریفنگ لینے کا فیصلہ۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس چیئرمین عبدالغفور حیدر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ پاکستان ریلوے کے ڈائریکٹر لینڈ دوست علی لغاری نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی۔