• news

9 ممالک کی امن مشقیں جاری، بحری افواج میں تعلقات مستحکم ہوں گے: ایڈمرل آصف سندھیلہ

اسلام آباد + کراچی (سٹاف رپوٹرر + اے پی اے + این این آئی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے گذشتہ روز کثیر القومی مشق ”امن 13“ میں شریک غیر ملکی بحری افواج کے مختلف جہازوں کا دورہ کیا۔ نیول چیف کی آمد پر چاق و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے جہازوں پر تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور کثیر الملکی مشق میں ان کی شرکت کو سراہا۔ نیول چیف نے دوست ممالک بشمول ترکی، چین، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، سری لنکا، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور اٹلی کے جہازوں کا دورہ کیا جہاں انہیں مشق میں شریک بحری افواج کی آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے چیف آف نیول سٹاف نے کہا کہ بحری مشق امن میں شرکت کرنے والی بحری افواج کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور کھلے سمندروں میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ چین کے بحری جہاز کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمرل سندیلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے دیرینہ مراسم قائم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبے میں باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔ دریں اثناءمشق میں شامل ممالک کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال، باسکٹ بال اور سکواش کے دوستانہ میچز بھی کھیلے گئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن