• news

سوئی سدرن کمپنی میں گیس چوری اور ضیاع کی شرح 10.80 فیصد تک پہنچ گئی

کراچی (اے پی اے) سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم سے گیس چوری اور ضیاع میں اضافے کا سلسلہ مالی سال 12۔ 2011 میں بھی جاری رہا اور مجموعی یو ایف جی( ان اکاﺅنٹڈ فار گیس) کی شرح 9.43 فیصد سے بڑھ کر 10.80 فیصد تک پہنچ گئی۔ یاد رہے بین الاقوامی سطح پر گیس کی لیکیج یا چوری کی شرح 2فیصد ہے تاہم پاکستان میں گیس کمپنیوں میں ریکوری میں عدم دلچسپی اور فرسودہ انفرااسٹرکچر کی وجہ سے گیس چوری اور ضائع کی شرح میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران سندھ بلوچستان میں گیس کی چوری کی شرح میں 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال07 -2006 کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی کا یو ایف جی 6.63فیصد تھا جو سال 09-2008 میں بڑھ کر 7.93 فیصد، سال 10-2009 میں بڑھ کر 7.95 فیصد، سال 11-2010 میں بڑھ کر 9.43فیصد اور سال 12-2011 میں بڑھ کر 10.80 فیصد کی سطح تک پہنچ گیا۔ورلڈ بینک نے بھی پاکستان میں گیس چوری اور لیکج کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ میں گیس کی چوری کی شرح کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسے بین االاقوامی معیار کے مطابق 2فیصد تک لانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سالانہ 16.5ارب روپے مالیت کی گیس ضائع ہورہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن