• news

مسلم لیگ (ن) نے پیسے دے کر سروے کرایا، مقبولیت اسی وجہ سے ہے: عمران


اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی حالات میں بہتری کیلئے انتخابات کے سوا اور کوئی چارہ نہیں۔ آج پارٹی میں مشاورت کرکے نگران وزیر اعظم کے نام کو حتمی شکل دےدی جائےگی۔ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت پیسوں کی بدولت ہے مسلم لیگ (ن) نے پیسے دے کر آئی پی او آر سے سروے کرایا۔ اسلام آباد میں پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا اشرف جہانگیر قاضی کو خارجہ پالیسی کا ترجمان مقرر کیا ہے۔ ہم الیکشن میں کسی بھی سیاست دان کو اس وقت تک ٹکٹ نہیں دیں گے جب تک وہ اثاثے نہ ظاہر کردیں ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ٹکٹ پر کوئی بنک نادہندہ انتخاب لڑسکے۔ تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کی چھان بین کر لی گئی ہے۔ جن لوگوں نے کرپشن کی وہی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہورہے ہیں۔ پنجاب میں فیکٹریاں بند ہوگئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تنظیم سازی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا گراف نیچے آیا۔ ہم 23 مارچ کو جلسہ میں اپنی مقبولیت کا گراف ظاہر کر دیں گے۔ ہماری پارٹی کے انتخابات 15 مارچ تک ختم ہوجائیں گے۔ عمران خان نے کہا شفاف الیکشن کیلئے الیکشن کمشن پر دباو¿ ڈالنا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں ایسے لوگوں کی بڑی تعداد ہے جنہوں نے ٹیکس نہیں دیا۔ ایک دن میں 5 ارب کا ٹیکس چوری ہوتا ہے اور دونوں جماعتوں نے 5 سال میں کرپشن کے خلاف کوئی قانون پاس نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا اگر ٹیکس پر قانون سازی نہ کی گئی تو تحریک انصاف سپریم کورٹ جائےگی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کیلئے رابطہ کیا ہے۔ پارٹی میں مشاورت کے بعد آج نام دیں گے۔ انہوں نے جسٹس ناصر اسلم زاہد کی حمایت کا اشارہ بھی دیا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے لاہور میں ہونیوالے پارٹی انتخابات کا عمل بدانتظامی کی وجہ سے معطل کردیا گیا۔ ووٹرز فہرستوں میں نمبروں کے اندراج پر انتخابات میں حصہ لینے والے گروپوں نے اعتراض کیا جس کی وجہ سے انتخابی عمل معطل کردیا گیا۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن