پنجاب میں قتل و غارت کے 8 واقعات پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کا ازخود نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے قتل اور اغوا سمیت امن و امان کے آٹھ واقعات کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فاضل عدالت نے تھانہ شجاع آباد ضلع ملتان میں 7 سالہ رشما اور 8 ساہ حمیرا کے پندرہ ماہ قبل اغوا اور ابھی تک ان کی عدم بازیابی کا نوٹس لیتے ہوئے سیشن جج ملتان کو ہدایت کی وہ کیس کی نگرانی کرتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ دیں۔ فاضل چیف جسٹس نے پاکپتن، مریدکے اور گوجرانوالہ میں ریپ کے چار کیسز کا بھی ازخود نوٹس لیا۔ لاہور میں نابالغ لڑکوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے، گوجرانوالہ میں خاتون کے اغوا اور اوکاڑہ میں خواجہ سرا کے قتل پر بھی ازخود نوٹس لیتے ہوئے سیشن ججوں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ ازخود نوٹس مختلف اخبارات میں شائع خبروں پر لئے ہیں۔
ازخود نوٹس