افغانستان سے امریکی انخلاءکے بعد بھارت پر حملے کرینگے: تحریک طالبان
پشاور/ لندن (آئی این پی) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بھارت میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے الزام میں پھانسی پر لٹکائے جانے والے اجمل قصاب اور افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارت پر حملے کا اعلان کردیا۔ جمعرات کو برطانوی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما عصمت اللہ معاویہ نے کہاکہ خطے سے امریکی افواج کے انخلاءکے بعد بھارت پر بہت بڑے حملے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ افضل گورو اور اجمل قصاب کی پھانسی سے کشمیر آزاد کرانے سے متعلق جہادیوں کے ارادے مزید مضبوط ہوئے ہیں، گورو اور قصاب کا خون جہادیوں کے حوصلوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔ عصمت اللہ معاویہ نے کہا کہ افغانستان سے فوجی انخلاء کے بعد جہادیوں کی تمام تر توجہ بھارت کی طرف ہوگی اور بھارتی قبضے سے کشمیر کا علاقہ آزاد کرائیں گے۔عصمت اللہ معاویہ نے کہا کہ پاکستان مجاہدین کی مدد کے بغیر بھارت کو شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب جب جہاد نئے حوصلوں اور نئے عزائم کے ساتھ اٹھے گا تو یہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے کردار سے پاک ہوگا۔
کالعدم تحریک طالبان