• news

حالات کسی وقت بھی بگڑ سکتے ہیں، انتخابات کا امکان ففٹی ففٹی ہے: پیر پگاڑا


اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت نیوز) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما پیر پگارا نے پیشنگوئی کی ہے کہ آئندہ انتخابات کا امکان ففٹی ففٹی ہے۔ حالات کسی بھی وقت بگڑ سکتے ہیں۔ حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی 40 سے 50 سیٹیں حاصل کر سکے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں حالات مزید خراب ہوں گے، ملک کو عالمی سطح پر رسوا کر دیا گیا ہے۔ ملک کے سارے ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ایک ہو جاتی تو مسلم لیگ کی یہ حالت نہ ہوتی۔ مسلم لیگی کبھی ملک کے لیے برا نہیں سوچے گا۔ فوری طور پر مسلم لیگ اکھٹی ہوتی نظر نہیں آتی ہم سب مسلم لیگ کا نام لیتے ہیں تو ہمیں اکھٹے ہو کر چلنا چاہیے۔ پنجاب میں مسلم لیگوں کو کچھ قربانی دینی پڑے گی۔ حکومت الیکشن میں 40 سے 50 سیٹیں بھی لے لیں تو ان کی خوش قسمتی ہے۔ سندھ کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ خدا خیر کرے۔ میری خواہش ہے کہ تمام مسلم لیگی ایک ہو جائیں پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اس لئے قربانیاں بھی دینی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن