• news

”پنجاب سے بدلہ لیا، اب پاکستان سے بدلہ لیں گے“ یہ شریف برادران کا منشور ہے: پرویز الٰہی


لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف، شہباز شریف کا نعرہ ہے پنجاب سے بدلہ لیا اب پاکستان سے بدلہ لیں گے اور یہی ان کا منشور ہے۔ وہ گوجرانوالہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں، ممتاز صنعتکاروں اور تاجروں کے علاوہ ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریف برادران نئے منشور کی آڑ میں پچھلے 5 سال سمیت اپنی سابقہ تینوں حکومتوں کی صفر کارکردگی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، ن لیگ نے پنجاب کے اندر ہمارے دور کی ترقی کا پہیہ روک دیا لیکن ہم اسے دوبارہ وہیں سے شروع کریں گے، یہ منشور بعد میں دیں پہلے قوم ان سے پچھلے 5 سال کا حساب مانگتی ہے، لاہور سمیت شہروں تو کیا دیہات کی 67 فیصد آبادی کیلئے بھی ن لیگ نے کچھ نہیں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے اقدامات کے باعث EPZA پر اعتماد کرتے ہیں، میں آج کے تاریخی دن پر سعادت ایس چیمہ چیئرمین EPZA اور بورڈ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری کوششوں سے ایپزا کے زونز سے سالانہ ساڑھے تین سو ملین ڈالر زرِ مبادلہ کمایا جا رہا ہے جو رواں مالی سال کے اختتام پر تقریباً ایک بلین ڈالر ہو جائے گا۔ دنیا میں حلال مارکیٹ کا حجم تقریباً 1.3 ٹریلین ڈالر ہے جس میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین EPZA اور ان کی ٹیم اس مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ حاصل کرنے کیلئے حلال زونز کے قیام پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ میری خصوصی ہدایت پر کے ای ایس سی پر انحصار کم کرنے کیلئے EPZA سے ملحق گوالہ کالونی سے فضلہ حاصل کر کے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں شریف برادران نے مبارک سنٹر اور انڈرگراﺅنڈ ٹرین جیسے ہمارے منصوبے ختم کر کے اربوں ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری روک دی جبکہ ان پر پنجاب حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہو رہا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین EPZA سعادت ایس چیمہ نے بھی خطاب کیا۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن