• news

اوکاڑہ، پاکستان کسان اتحاد اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ میں احتجاجی دھرنے پر پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداروں کے وزیراعظم ہاﺅس میں اپنے مطالبات کے حق میں مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزرا نوید قمر، میاں منظور وٹو سیکرٹری خزانہ اور دیگر حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مذاکرات کے بعد کسانوں کو بجلی کی مد میں 70 کروڑ روپے سبسڈی دینے اور زرعی ٹیوب ویلوں کے فلیٹ ریٹ 8 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ مذاکرات کے دوران ایک مقام ایسا بھی آیا جب پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداروں اور حکومتی عہدیداروں میں ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا مگر کچھ دیر بعد ہی مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے۔ پاکستان کسان اتحاد کے عہدیدار غلام مصطفٰی وٹو نے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد صحافیوں سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداروں اور حکومتی عہدیداروں میں مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ یاد رہے پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداروں چودھری انور، چودھری اکرم اور غلام مصطفٰی وٹو کی قیادت میں دو مارچ کو ہزاروں کسانوں نے جی ٹی روڈ بائی پاس اوکاڑہ اور ریلوے ٹریک کو دھرنا دے کر بند کر دیا تھا جن کا مطالبہ تھا حکومت کسانوں کے ٹیوب ویلوں کی بجلی کی قیمتوں میں کیا گیا۔ اضافہ واپس لے زرعی ٹیوب ویلوں کے فلیٹ ریٹ مقرر کرے احتجاجی دھرنا 18 گھنٹے جاری رہا جس کی وجہ سے جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی تھی پیپلز یوتھ ونگ کے جنرل سیکرٹری میاں خرم جہانگیر وٹو نے مظاہرین سے مذاکرات شروع کئے اور اُن کے مطالبات کو منظور کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر کسانوں نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن