• news

پرامن انتخابات ‘ الیکشن کمشن نے فوج سے مدد مانگ لی ‘ مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے: فوجی ترجمان

راولپنڈی (اے پی اے) الیکشن کمشن نے انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں اعلیٰ فوجی افسروں سے ملاقات کی جس میں الیکشن کے دوران سکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے امور پر بات چیت کی۔ اس موقع پر فوجی افسروں نے سیکرٹری الیکشن کمشن کو پرامن الیکشن منعقد کرانے کے سلسلے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق الیکشن کمشن حساس مقامات اور پولنگ سٹیشنوں کا تعین کرے گا۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد اس معاملے پر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائےگا۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد الیکشن کمشن اور عسکری حکام کے درمیان اس طرح کی ایک اور ملاقات ہو گی جس میں الیکشن کمشن ملک بھر میں حساس علاقوں اور پولنگ سٹیشنز کے حوالے سے نشاندہی عسکری حکام کے سامنے پیش کرے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمشن کو فوجی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات کے دوران ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ حساس علاقوں اور پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی الیکشن کمشن کرے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے ڈی جی الیکشن کمشن شیر افگن کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل اشفاق ندیم سے ملاقات کی جس میں اشفاق ندیم نے الیکشن کمشن کو پرامن انتخابات کے حوالے سے فوج کی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، دونوں اداروں کا الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد الیکشن کمشن کی جانب سے حساس علاقوں اور پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی سمیت دیگر امور پر اگلی ملاقات میں بات چیت کرنے پراتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن