• news

گیس کے ساتھ پاکستان کو بجلی بھی فراہم کی جا سکتی ہے: ایرانی قونصل جنرل

کراچی (این این آئی) ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن ایرانی بارڈر تک پہنچ چکی ہے، پاکستان کو گیس کے ساتھ ساتھ بجلی کی فراہمی بھی کی جاسکتی ہے یہ بات انہوںنے وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز دئیے گئے، ظہرانے کے موقع پرکہی۔ اس موقع پر پاک ایران بزنس کونسل کے چیئرمین طارق سعید، فیڈریشن کی نائب بیگم سلمیٰ احمد، ہادی خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وحید شاہ،گلزارفیروز، اخلاق میمن اور دیگر بھی موجود ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین یکساں کرنسی میں کاروبارکے ذریعے پاک ایران تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دورکیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاک ایران سنگل کرنسی کے ذریعے نہ صرف تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ دوطرفہ تجارت کی راہ بھی ہموارہوگی ۔انہوںنے کہا کہ ایران عالمی پابندیوں کے باوجود دنیا بھرسے درآمدات اور برآمدات کا تجربہ رکھتا ہے۔ پاک ایران بزنس کونسل کے چیئرمین طارق سعید نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارت پر امریکی تحفظات غیرمنطقی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر امریکہ کو ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پر اعتراضات ہیں تو پاکستان کو موجود توانائی بحران کودورکرنے کے اقدامات کرے۔ تقریب سے نائب صدر ایف پی سی سی آئی بیگم سلمیٰ احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر ہوسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن