• news

صدر زرداری کا دورہ ایران


صدر آصف علی زرداری پیر 11 مارچ کو اپنے دورہ¿ ایران کے موقع پر پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حکومت ایران کی جانب سے متعدد سربراہان مملکت کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر زرداری صرف اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے ایران جا رہے ہیں اور امریکی دباﺅ کے باوجود اربوں ڈالر کے حامل اس منصوبے کو پایہ¿ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔
پاکستان چونکہ گزشتہ پانچ سال سے توانائی کے سنگین بحران سے دوچار ہے اور توانائی کے متبادل ذرائع دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اس بحران کی سنگینی میں اضافہ ہو سکتا ہے اس لئے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل پاکستان کی اولین ضرورت ہے اور یہ خوش آئند صورتحال ہے کہ وفاقی حکومت نے ملکی اور قومی ضرورت کے پیش نظر اس منصوبے پر کوئی بیرونی دباﺅ قبول نہیں کیا اور وہ اس منصوبے کی تکمیل کے عزم پر کاربند ہے۔ اسکے برعکس امریکہ کی جانب سے پاکستان پر مسلسل دباﺅ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ ایران کیساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے سے گریز کرے‘ بصورت دیگر ایران کی طرح اسے بھی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گزشتہ روز بھی امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کو باور کرایا ہے کہ اس نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا تو امریکہ کو اس پر شدید تحفظات ہونگے۔ اس تناظر میں پاکستان کیلئے یہی فیصلہ کن مرحلہ ہے کہ وہ ملکی ضرورت کے پیش نظر اس منصوبے پر کسی قسم کی مفاہمت کرے‘ نہ اپنی کسی کمزوری کا تاثر پیدا ہونے دے۔ امریکہ کو پاکستان سے تقاضے کرتے وقت یہ امر بہرصورت پیش نظر رکھنا چاہیے کہ گیس پائپ لائن کے معاہدے کیلئے اس نے ہی پاکستان کو ایران کی جانب دھکیلا ہے۔ اگر امریکہ پاکستان کی توانائی کی ضرورتوں کا احساس کرتے ہوئے محض زبانی جمع خرچ کے بجائے اسکی توانائی کی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے عملی پیش رفت کرتا تو پاکستان ایران کیساتھ معاہدہ کرنے پر مجبور نہ ہوتا۔ اب تو ایشیائی ترقیاتی بنک نے بھی باور کرادیا ہے کہ ایران کیساتھ گیس پائپ لائن کا معاہدہ کرنے کی بنیاد پر پاکستان پر اقتصادی پابندیوں کی کوئی منطق نہیں بنتی اسلئے امریکہ کو ایران کیساتھ اپنے معاملہ کے باوصف پاکستان کی ضرورت کا احساس کرنا چاہیے اور گیس پائپ لائن کے منصوبے میں کوئی خلل ڈالنا چاہیے‘ نہ پاکستان کیخلاف اقتصادی پابندیوں کا سوچنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن