• news

پتنگ بازی: راولپنڈی میں 3بچے جاں بحق، لاہور، گوجرانوالہ، کامونکے میں کئی زخمی


لاہور+ راولپنڈی+ کامونکے+ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) مختلف علاقوں میں حکومتی پابندیوں کے باوجود پتنگ بازی کے دوران چھت سے گرنے، دھاتی ڈور پھرنے اور ہوائی فائرنگ سے 3بچے جاں بحق، لڑکی سمیت 44افراد شدید زخمی ہو گئے۔ راولپنڈی شہر میں جمعہ کے روز بسنت کے موقع پر کیمیکل ڈور‘ ہوائی فائرنگ‘ دھینگا مشتی اور چھت سے گر کر 3 بچے جاں بحق تقریباً 40 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ایک بچی سر میں گولی لگنے سے زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا جبکہ دھاتی ڈور کے کرنٹ سے ایک بچہ قومے میں چلا گیا۔ یہ سلسلہ سارا دن اور ساری رات جاری رہا۔ پورا شہر ہوائی فائرنگ سے گونجتا رہا۔ کئی گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ لاہور میں شادباغ کے علاقہ میں 18سالہ نوجوان پتنگ بازی کرتے ہوئے چھت سے نیچے گرکر شدید زخمی ہو گیا۔ محمد زبیر نامی نوجوان چھت پر پتنگ بازی کر رہا تھا اس دوران پاﺅں پھسل جانے کے باعث وہ نیچے گرکر شدید زخمی ہو گیا۔ اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں کامونکے میں دھاتی ڈور پھرنے سے کمسن بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پتنگ بازی کے نتیجہ میں غلہ منڈی کا سات سالہ یحییٰ شہزاد، رسول نگر کا محمد صدیق، درویش پورہ کا محمد بابر اور پرانی آبادی کا سہیل احمد شدید زخمی ہو گئے۔ پتنگ بازی کے دوران راولپنڈی میں ہوائی فائرنگ سے 12سالہ لڑکی شدید زخمی ہو گئی۔ ادھر گوجرانوالہ میں پابندی کے باوجود دھاتی ڈور گلے میں اور منہ پر پھیرنے کے باعث کسن بچے سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ سیٹلائٹ ٹاﺅن کا عدیل تین سالہ بیٹے ازامہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا نوشہرہ روڈ کے قریب اس کے گلے میں اچانک دھاتی ڈور پھر گئی جس کے نتیجے میں کمسن بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں شاہین آباد میں موٹر سائیکل پر جانے والے عبداللطیف نامی شہری کے چہرے پر ڈور پھر گئی جسے مقامی ہسپتال میں لے جایا گیا۔ پابندی کے باوجود گذشتہ روز شہریوں نے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کرکے پولیس کے تمام تر دعووﺅں کو ہوا میں اڑا دیا جبکہ شہر بھر کی پولیس پتنگ بازوں کے سامنے مکمل طور پر بے بس ہو کر رہ گئی ہے۔ راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کرکی ڈاﺅن کے دوران 30سے زائد افراد کو گرفتار کرکے یہ پتنگیں اور ڈوریں برآمد کرلیں جن میں کیمیکل والی ڈور بھی شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن