• news

پرویز الٰہی اینڈ کمپنی مفادات کی جنگ میں ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہو گئی: رانا ثناء


لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ چودھری برادران نے آمر کے ساتھ مل کر جمہوری حکومت پر شب خون مار کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور اب وہ زربابا کی گود میں بیٹھے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ پرویز الہٰی نے اپنے دور حکومت میں کاغذی منصوبے بنا کر اپنی جیبیں بھریں اور پنجاب کو کنگال کر کے رکھ دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے چودھریوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں اور آئندہ انتخابات میںعوام آمر کی آواز پر لبیک کہنے والے موقع پرستوں کے ٹولے کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔ گذشتہ روز بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ لوٹا برادران کی ساری سیاسی زندگی ابن الوقتی اور مفاد پرستی سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ اقتدار کی ہوس میں مبتلا چند سیاستدان نما لوگوں کا ٹولہ ہے اور چودھری برادران اس ٹولے کے سرغنہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی اینڈ کمپنی ذاتی مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑتے لڑتے ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہو چکی جبکہ مسلم لیگ (ن) پنجاب حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے اور تین منصوبوں کی شفافیت جانچنے کیلئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے معاہدے پر دستخط کئے۔
رانا ثناء

ای پیپر-دی نیشن