• news

اسامہ کے داماد کا امریکی فرد جرم سے انکار، ہتھکڑی لگا کر عدالت میں لایا گیا


نیویارک (نمائندہ خصوصی+ اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) اسامہ بن لادن کے داماد اور القاعدہ کے سابق ترجمان سلیمان ابوغیث نے امریکی شہریوں کے قتل کی سازش میں شریک ہونے کی فرد جرم سے انکار کر دیا ہے۔ 47سالہ ابو غیث کو ہتھکڑیوں کے ساتھ جیل کی نیلی وردی میں وفاقی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ کیس زیادہ تر 22صفحات کے اس بیان پر مشتمل ہے جو اس نے اردن میں دیا۔ اس کے علاوہ کچھ ویڈیو اور آڈیو بیانات ہیں۔ جج لیوس کیلن نے کہا کہ کیا ابو غیث کو اپنے حقوق کا علم ہے تو اس نے کہا ہاں، اس سے پوچھا گیا کہ آیا وہ وکیل کر سکتا ہے تو اس نے کہا کہ نہیں۔ ضمانت کی درخواست نہیں دی گئی۔ جج نے کہا کہ وہ 8اپریل کے بعد ٹرائل کی تاریخ دینگے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق ٹرائل 3ہفتے جاری رہے گا۔ اس میں عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ سلیمان ابوغیث پر امریکی شہریوں کو ہلاک کرنیکی سازش کے الزامات عائد کئے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف کے بیان میں کہا گیا کہ مشتبہ طور پر سلیمان ابو غیث القاعدہ کے ترجمان کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ اسامہ کے داماد سلیمان کو سی آئی اے نے اردن سے گرفتارکرکے امریکہ منتقل کردیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سلیمان اسامہ بن لادن کے داماد ہیں اور انہوں نے ستمبر 11 کے حملوں کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے مطابق سلیمان کا القاعدہ میں کردار پروپیگنڈہ کرنے کا تھا اور انہوں نے اسی پوزیشن کو استعمال کرتے ہوئے امریکہ کےخلاف لوگوں کو اکسایا۔ امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اردن کے سکیورٹی حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ سلیمان کو پچھلے ہفتے امریکہ کے حوالے کیا گیا۔
اسامہ داماد

ای پیپر-دی نیشن