لوڈ شیڈنگ سے نجات کیلئے مسلم لیگ (ن) نے منصوبہ تیار کر لیا نواز شریف کی سعودی عرب سے مفاہمت
لاہور (خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے توانائی کا بحران ختم کرنے کے لئے سعودی عرب سے معاملات طے کر لئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد ملک سے لوڈ شیڈنگ کو ختم یا اسے کم سے کم سطح پر لانے میں سعودی عرب بھرپور مدد کرے گا۔ ذرائع کے مطابق انتخابات میں کامیابی کی صورت میں نواز شریف ملک سے توانائی کا بحران 2سال میں ختم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کی قیادت سے پہلے ہی بات چیت ہو چکی ہے۔ شاہی خاندان پاکستان کی عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے لئے بہت رعائتی اور طویل عرصے کے لئے قرض پر تیل دے گا تاکہ موجودہ حکومت کی طرف سے اربوں روپے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بند پاور پلانٹ کو فوری طور پر چلایا جا سکے۔ سعودی عرب نہ صرف خود اس معاملے میں پاکستان کی مدد کرے گا بلکہ دیگر خلیجی ریاستوں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کر کے وہاں سے بھی پاکستانی معیشت کو سہارا دینے اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے سرمایہ کاری کرائے گا۔