فلپائن نے بھی ویزے جاری نہ کئے....قومی ٹیم یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ سے آﺅٹ
لاہور (چودھری اشرف) ویزے نہ ملنے کے باعث پاکستان باکسنگ ٹیم اے ایس بی سی یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ2013ءمیں شرکت سے محروم ہو گئی۔ پاکستان کی سات رکنی ٹیم جس کے چار کھلاڑی اور تین آفیشلز نے شیڈول کے مطابق 10 مارچ کو فلپائن کے لئے روانہ ہونا تھا۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے 11 مارچ سے منعقد ہونے والی اے ایس بی سی یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ کے لئے چار رکنی ٹیم کا اعلان کر رکھا تھا جو گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے تیاریوں میں مصروف تھے۔ قومی باکسنگ ٹیم میں محمد شعیب 49 کلوگرام کلاس، حامد حسین 52 کے جی، سید رضا اشرف 56 کے جی جبکہ یاسر اقبال نے 91 کلوگرام کلاس کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی۔ قمر الدین شیخ کو ٹیم کا منیجر جبکہ علی بخش اور مجید بروہی کو کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ فلپائنی سفارتخانے کی جانب سے قومی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر انتہائی مایوسی ہوئی ہے تاہم ہماری پوری کوشش ہوگی مستقبل میں قومی کھلاڑی کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے محروم نہ رہیں۔ چیمپئن شپ میں 30 سے زائد ممالک کے باکسرز نے شرکت کرنا تھی جن کے خلاف مقابلے کے بعد ہمارے باکسرز کے تجربہ میں اضافہ ہونا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے کھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ کے مواقع فراہم کر رکھے تھے اور مجھے پوری امید تھی کہ ان مقابلوں میں پاکستانی باکسرز ملک کے لئے میڈلز لیکر آئیں گے۔